پارلیمنٹ کے اندر، باہر پی ٹی آئی قیادت کمپرومائزڈ: خواجہ آصف
عمران خان خود تمام عمر دو نمبری کرتے رہے، وزیر دفاع کی نجی ٹی وی سے گفتگو
لندن(ویب ڈیسک ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ اور باہر موجود تمام قیادت کمپرومائز ہے، پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کی اگلی صفوں اور سینیٹ میں بیٹھے تمام افراد دو نمبر ہیں۔ لندن میں نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 26ویں ترمیم میں انہوں نے ایک دوسرے کو پکڑوایا ہے کیونکہ پیسے لیے ہوئے تھے۔ جو ملک سے مخلص نہیں وہ کسی اور کے ساتھ کیسے مخلص ہوسکتے ہیں۔ عمران خان خود تمام عمر دو نمبری کرتے رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جو باربار کہتا ہو کہ ہینڈلر سے بات کروں گا، اس سے بڑا دو نمبر کون ہوگا۔ لوگ ایسی باتیں چھپاتے ہیں اور وہ خود کہتا ہے میں ان کے ساتھ سیٹ ہونا چاہتا ہوں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میں عمران خان کی رہائی کے معاملے میں کوئی پیشگوئی نہیں کر سکتا۔ برطانیہ میں جرم کرنے والوں کو انصاف کے تقاضے پورے کرکے جیلوں میں ڈال دیا گیا۔ 12سال کے بچے کو بھی قید کی سزا ہوئی ہے۔ امریکا میں کانگریس پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ بھی تیزی سے نمٹا گیا تھا۔ پاکستان میں 9مئی کو ایسی اہم تنصیبات پر بھی حملہ کیا گیا جن پر صرف بھارت کے حملے کی توقع کی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی تو بھارت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔
پی ٹی آئی والے اب بھی دہشت گردی کی وارداتوں کی مذمت نہیں کرتے۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عمران خان کے مشیران اور بشریٰ بی بی دو مختلف قوتیں ہیں، ان کا ساتھ چلنا مشکل ہوگا۔



