پاکستانتازہ ترین

لیڈی ولنگڈن کیس: مریم نواز کا سخت نوٹس، ڈاکٹرز اور انتظامیہ کے خلاف کارروائی شروع

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں مبینہ ویڈیو سکینڈل پر محکمہ صحت نے سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے نوٹس کے بعد محکمہ صحت نے ذمہ دار سینئر انتظامی افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کر لی ہے، جبکہ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر مختلف سطحوں پر انضباطی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیڈی ولنگڈن ہسپتال کیس میں دوران آپریشن مریضہ کی ویڈیو بنانے کے معاملے پر پانچ پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کے خلاف پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کو باضابطہ کارروائی کیلئے خط ارسال کر دیا گیا ہے۔ ان ڈاکٹروں میں ڈاکٹر طیبہ، ڈاکٹر ماہم، ڈاکٹر زینب، ڈاکٹر عائشہ اور ڈاکٹر عیسیٰ شامل ہیں۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے سابق ایم ایس، سینئر کنسلٹنٹس، رجسٹرارز اور دیگر متعلقہ افسران کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ سابق ایم ایس ڈاکٹر فرح، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عظمیٰ، ڈاکٹر منیر، ڈاکٹر روطابہ، ڈاکٹر منزہ اور ڈاکٹر درہ ارم سمیت متعدد افسران کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ان افسران پر فرائض میں غفلت، انتظامی کمزوری اور ادارہ جاتی کنٹرول میں ناکامی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ سیکرٹری محکمہ صحت عظمت محمود نے تمام متعلقہ افسران سے 7 دن کے اندر تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔

مزید برآں سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی اور سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد کو وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ہیئرنگ آفیسرز مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی جانب سے کیس میں نامزد ڈاکٹرز اور سینئر حکام کو 7 دن کے اندر ذاتی طور پر پیش ہونے یا تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

دوسری جانب ایم ایس، ایچ او ڈی سمیت دیگر عملے اور اسٹاف ممبران کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق معاملے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button