ایران کا اسرائیل پر سب سےبڑا حملہ،8صہیونی ہلاک،300زخمی
تل ابیب:(ویب ڈیسک )اسرائیل کی جانب سے دن بھر تہران پر حملوں کے بعد ایران نے پورے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کر دی جب کہ صبح صادق کے وقت ایران کی جانب سے اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا گیا جس کے بعد تل ابیب، مقبوضہ بیت المقدس اور حیفہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ایرانی میزائل حملے کے بعد حیفہ پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی، ایرانی حملوں میں کم ازکم 8 اسرائیلی ہلاک اور تقریباً زخمی ہوگئے۔

ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر پھر میزائلوں کی برسات کردی، ایران نے اسرائیل میں تقریبا 100 میزائل داغے، حیفہ، تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی میزائل حملے سے اسرائیلی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، صہیونی فوج نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی جب کہ حیفہ میں پاور پلانٹ کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا جس سے آگ بھڑک اٹھی۔

اسرائیلی میڈیا نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ قرار دے دیا جب کہ اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ایک بار پھر ناکام رہا، حیفہ اور تل ابیب میں نئے میزائل حملوں سے بھی جانی نقصان ہوا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تازہ ترین حملوں کے نتیجے میں جنوبی اسرائیل میں کم از کم 8 اسرائیلی ہلاک اور تقریباً 300 زخمی ہوگئے جبکہ حیفہ میں آگ لگی ہوئی ہے، وہاں بھی کچھ شہری زخمی ہوئے ہیں جب کہ شمالی اسرائیل میں بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
حیفہ کے میئر یونا یاہاؤ نے تصدیق کی ہے کہ شہر میں ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے، کئی مکانات اور دیگر عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، تاہم صرف چار افراد کو معمولی زخموں کے ساتھ اسپتال منتقل کیا گیا۔
میگن ڈیوڈ ایڈم ریسکیو سروس کے مطابق 4 اموات پیتہ تیکوا کے علاقے میں ہوئیں جبکہ ایک شخص بنی براک میں مارا گیا، جہاں میزائل نے ایک رہائشی علاقے میں وسیع پیمانے پر تباہی مچائی،2 اسرائیلی محفوظ کمروں میں مارے گئے،اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ شب مجموعی طور پر 287 افراد اسپتالوں میں داخل کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے، جب کہ 14 افراد کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں، باقی زیادہ تر افراد کو معمولی چوٹیں آئیں یا شدید ذہنی صدمے کا سامنا ہوا۔
وزارت صحت نے بنی براک کے معیانی ہیشوعہ ہسپتال منتقل کیے گئے 15 افراد کی حالت کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔ تل ابیب کے مشرق میں واقع اس قصبے پر گزشتہ رات ایک میزائل حملہ ہوا تھا، جس میں ایک شخص جان سے گیا۔
سی این این کے مطابق تازہ ہلاکتوں میں کے بعد 2 روز کے دوران ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد 21 تک جاپہنچی ہے جبکہ ایران پر اسرائیل کے حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی شہریوں کی تعداد 224 تک جاپہنچی ہے جبکہ 1277 افراد زخمی ہوئے ہیں۔



