3سو سال بعد ریکارڈ بارش، تھائی لینڈ ڈوب گیا
19افراد ہلاک، سیلابی ریلے نے راستے میں آنیوالی ہر شے کو تہس نہس کر دیا
بنکاک ( ویب ڈیسک) تھائی لینڈ میں تین صدیوں بعد ہونے والی بارشوں نے ملک کے 9صوبوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، معمولاتِ زندگی معطل ہوکر رہ گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے متاثرہ صوبوں میں 400ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی جو 3سو سال بعد ہونے والی سب سے زیادہ بارشیں ہیں۔ ان ریکارڈ توڑ بارشوں کے بعد دریائوں اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی، پانی نے سیلابی ریلے کی صورت اختیار کرتے ہوئے رہائشی علاقوں کا رخ کرلیا۔
سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کرکے رکھ دیا، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں اور جگہ جگہ درخت، ہورڈنگز اور مکانات کی چھتیں گری ہوئی ہیں۔
وزارتِ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں کم از کم 19افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جہاں 100سے زائد زخمیوں کو لایا گیا، میونسپل ادارے ریڈ الرٹ ہیں اور ریسکیو ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
متاثرہ صوبوں میں سکولوں اور دفاتر میں حاضری نہ ہونے کے برابر رہی، شہریوں کو ساحل سے دور رہنے اور بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



