پاکستانتازہ ترینتعلیم/ادب

جی سی یونیورسٹی :کاغذ کا استعمال ختم ، انتظامی امور ڈیجیٹل نظام پر منتقل 

پی آئی ٹی بی کا تیار کردہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم  ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم نافذ، احتساب کی جانب اہم تبدیلی : وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر چوہدری 

لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیرنقوی) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے انتظامی امور کو مکمل طور پر کاغذ استعمال کیے بغیر (پیپر لیس) جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔یہ اہم سنگ میل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تیار کردہ کلاؤڈ بیسڈ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم‘ کے کامیاب نفاذ کے ذریعے حاصل کیا گیا ہے۔
حکومتِ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے یہ جدید نظام یونیورسٹی کو بالکل مفت فراہم کیا ہے۔اس نئے ڈیجیٹل فریم ورک کے تحت، یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے انتظامی امور کو مکمل طور پر آن لائن منتقل کر دیا گیا ہے۔
 نئے پورٹل کے ذریعے اب اساتذہ اور دیگر سٹاف کی چھٹیوں کی درخواستیں، سفری اجازت نامے، سالانہ کارکردگی رپورٹس، سرکاری احکامات اور انتظامی مراسلوں جیسے روزمرہ کے امور ایک ہی پلیٹ فارم پر سرانجام دیے جائیں گے۔
یونیورسٹی کے ترجمان نے بتایا کہ تمام اہم امور بشمول مختلف شعبہ جات کے درمیان تجاویز کے لیے ڈیجیٹل نوٹ شیٹس، وزٹنگ اساتذہ کے مشاہرے کی منظوری، خریداری کی درخواستیں اور محکمانہ اجلاسوں کے ایجنڈے اب صرف اسی کلاؤڈ پلیٹ فارم کے ذریعے نمٹائے جائیں گے، جس سے فائلوں کو دستی بہ دست ایک دفتر سے دوسرے دفتر بھیجنے کا روایتی عمل مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔
اس تاریخی تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ جدید تعلیمی نظام کے لیے ڈیجیٹل طرزِ حکمرانی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی امور کو کاغذ سے پاک کرنا محض ایک ماحولیاتی اقدام نہیں، بلکہ یہ شفافیت، تیز رفتاری اور کڑے احتساب کی جانب ایک اہم ساختیاتی تبدیلی ہے،  دفتری تاخیر اور فائلوں کی دستی ٹریکنگ کے خاتمے سے ہماری فیکلٹی اور انتظامی سربراہان اپنی تمام تر توانائیاں اور توجہ تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں پر مرکوز کر سکیں گے، جس سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی صوبے بھر کی سرکاری جامعات کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کی ایک شاندار مثال بنے گی۔
یونیورسٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ نئے خودکار نظام پر منتقلی دراصل اس وسیع تر ڈیجیٹلائزیشن مہم کا حصہ ہے جس کا آغاز گزشتہ تعلیمی سال وائس چانسلر کی قیادت میں کیا گیا تھا۔اپنے تکنیکی نظام کو مزید وسعت دیتے ہوئے، یونیورسٹی جلد ہی ایک جامع ’ای سروسز پورٹل‘ بھی متعارف کروانے جا رہی ہے۔
Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button