پاکستانتازہ ترین

خیبرپختونخوا، بلوچستان میں کارروائیاں، فتنہ الخوارج کے 10 دہشتگرد ہلاک، 12 مشتبہ افراد گرفتار، کیپٹن شہید

راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، نارووال (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ہنگو میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

دہشتگردوں نے مسجد میں پناہ لے لی

آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران مسجد میں پناہ لے لی۔ دہشتگردوں نے مسجد کی حرمت پامال کرتے ہوئے اسے اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا۔

کارروائی کے دوران کیپٹن حمزہ اکرم جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور مادر وطن پر قربان ہوگئے۔ 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم کا تعلق ضلع نارووال سے تھا۔

سکیورٹی فورسز کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر مختلف حملوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو میں مزید دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

بلوچستان میں بھی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک

دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن رد الفتنہ 3 کے دوران بلوچستان کے علاقوں کمبیلہ اور عاصم آباد میں فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کمبیلہ اور عاصم آباد میں سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران 68 مربع کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کرایا گیا۔ کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ 2 دہشتگردوں کی لاشیں بھی برآمد کی گئیں۔

سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے، جن میں دہشتگرد گروہ کا سرغنہ شوکت ماما بھی شامل ہے، جبکہ آپریشن کے دوران 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ختم کر دی گئیں اور فتنہ الہندوستان کے جھنڈے بھی ہٹا دیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن رد الفتنہ 3 دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کیپٹن حمزہ اکرم کو خراج عقیدت

وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو بہادری، جرات اور فرض شناسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک و قوم کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے ہماری بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کیپٹن حمزہ اکرم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

کیپٹن حمزہ اکرم شہید کی نماز جنازہ ادا

وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی قصبے پنڈی سینیاں، شکرگڑھ میں ادا کردی گئی۔

شہید کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، اہل علاقہ، عزیز و اقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکا نے شہید کی قربانی اور بہادری کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

کیپٹن حمزہ اکرم شہید نے سوگواران میں والدین، تین بہنیں اور ایک بھائی چھوڑے ہیں۔

احسن اقبال کا شہید کیپٹن حمزہ اکرم کو خراج عقیدت

وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے اپنے پیغام میں کہا کہ نارووال کے بہادر سپوت نے وطن عزیز کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ اہلیان نارووال اور پوری پاکستانی قوم اپنے عظیم شہید کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button