انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

سڈنی میں دہشتگردی، یہودیوں کے تہوار ’’ ہنوکا ‘‘ پر فائرنگ، 12ہلاک،37زخمی

تقریب ساحل پر جاری تھی، 2 مسلح افراد نے اندھا دھند گولیوں برسائیں، پولیس نے ایک حملہ آور کو مار گرایا، دوسرا گرفتار: امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ میں بھی فائرنگ، 2افراد ہلاک، 18زخمی ہو گئے

سڈنی، واشنگٹن، اسلام آباد (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر مسلح افراد نے یہودیوں کی تقریب ’’ ہنوکا ‘‘ پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 12افراد ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سڈنی کے بونڈائی بیچ پر پیش آیا۔ دو مسلح افراد نے ساحل کے قریب ایک اونچے مقام پر کھڑے ہوکر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 12افراد ہلاک جبکہ 37زخمی ہوئے، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
ایک حملہ آور کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کیا جبکہ دوسرے کو 43سالہ مسلم شہری احمد ال احمد نے دبوچ کر قابو کیا اور اس دوران وہ خود بھی دو گولیاں لگنے سی زخمی ہوئے ہیں۔ فائرنگ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مقامی آبادی کو بونڈائی بیچ سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے سڈنی کے ساحل بونڈائی پر ہونے والے حملے کو دہشتگرد قرار دیتے ہوئے اسے یہودیوں پر حملہ قرار دے دیا۔
آسٹریلوی وزیراعظم نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بونڈائی میں یہودی کمیونٹی جمع ہوکر اپنا مذہبی تہوار جوش و خروش سے منا رہی تھی، دہشتگرد حملے میں صرف یہودیوں کو نشانہ بنایا گیا اور مرنے والے بیشتر آسٹریلوی شہری تھے۔
انتھونی البانیز نے یہودی کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ آئندہ تحفظ کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہودی کمیونٹی سمیت آسٹریلیا کے تمام لوگوں کو قومی اتحاد کے ذریعے تحفظ فراہم کریں گے۔ البانیز نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ فوری ایکشن کی وجہ سے بہت ساری جانیں بچ گئیں۔ بی بی سی کے مطابق یہودی کمیونٹی پر ہونے والے حملے میں ایک اسرائیلی شہری بھی ہلاک ہوا ہے۔
یہ اطلاع اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے حوالے سے دی گئی ہے۔ جبکہ حملے میں برطانوی نژاد ربی ایلی شلانگر بھی ہلاک ہوئے ہیں، ان کے خاندان نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ خیال رہے کہ ’ ہنوکا‘ یہودیوں کا ’ روشنی کا تہوار‘ ہے۔
تاریخی طور پر یہ اس واقعے کی یادگار ہے جب یہودیوں نے دو ہزار سال سے زیادہ عرصہ قبل یونانیوں کے خلاف جنگ جیت کر اپنے مذہب کی آزادانہ عبادت کا حق حاصل کیا تھا۔ یہ تہوار آٹھ دن تک جاری رہتا ہے اور عبرانی کیلنڈر کے نویں مہینے ’ کیسلیف‘ کی 25تاریخ سے شروع ہوتا ہے۔ اسے ہر رات منورہ کی شمع روشن کر کے منایا جاتا ہے۔ ادھر امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کی برائون یونیورسٹی کے کیمپس میں فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد ہلاک اور 18زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ بران یونیورسٹی کے کیمپس میں واقعہ انجینئرنگ بلڈنگ میں کی گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، ٹرمپ نے زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ دریں اثنا وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سڈنی کی بونڈائی بیچ پر دہشتگرد حملے کے متاثرین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں آسٹریلیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button