آل پاکستان لیبر فیڈریشن خواتین کے حقوق کا تحفظ ، مسائل حل کرانے کیلئے متحرک
عبد الستار،عبد الغفار جمالی کی چیئرپرسن بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کرن بلوچ سے ملاقات
کوئٹہ:( نمائندہ خصوصی) آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے ایک وفد نے چیئرپرسن بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کرن بلوچ سے ملاقات کی ۔
ٹریڈ یونین نمائندوں کے وفد میں آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبد الستار، ایگریکلچر ایمپلائز یونین بلوچستان کے صدر عبد الغفار جمالی ،نیاز محمد جاموٹ اور محمد صلاح تھہیم شامل تھے۔
ملاقات کے دوران بلوچستان میں خواتین کو درپیش مسائل پرتفصیل سے گفتگو کی گئی۔ وفد نے ہراسمنٹ، چہرے پر تیزاب پھینکنے اور خواتین کے نفسیاتی مسائل سمیت خواتین پر گھریلو تشدد کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہاربھی کیا۔
فریقین کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خواتین کے مسائل کے حل کرنے سمیت معاشرے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے جلد مشترکہ آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
چیئرپرسن بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کرن بلوچ نے کہا ہے کہ خواتین نہ صرف اصولوں ، اقداراور روایات کی امین ہوتی ہیں بلکہ نسلوں کی تربیت و حفاظتی بھی انہی کی مرہون منت ہے لہٰذا خواتین کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے، خواتین کیلئے محفوظ اور مساوی مواقع کی فراہمی بنانے کی ضرورت ہے ،اسلام میں خواتین سے متعلق واضح احکامات ہیں، خواتین کو با اختیار بنانا فقط ایک طبقے کی نہیں بلکہ قوم کی ترقی ہے۔
آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبد الستارنے کہا کہ اسلام عورت کے حقوق کاسب سے بڑا محافظ اور علمبردار ہے،عورت کی صحت ، تعلیم وتربیت اور معاشی حقوق جیسے تمام عنوانات پر اسلامی اقدار ،روایات کے مطابق کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ خواتین کے مسائل حل کیے بغیر معاشرے کی ترقی ممکن نہیں ہے۔
ایگریکلچر ایمپلائز یونین بلوچستان کے صدر عبد الغفار جمالی نے کہا کہ خواتین کو معاشرے میں تعلیم کی کمی، صحت کے مسائل، گھریلو تشدد، ہراسمنٹ اور معاشی پسماندگی جیسے اہم چیلنجز کا سامنا ہے ان کا بہترین حل معیاری تعلیم کا فروغ، صحت کی سہولتیں اور قانونی حقوق پر عمل درآمد ہے، خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔



