مہنگائی کا ایک اور وار، تیل کے بعد بجلی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ،فوری وصولی
مارچ کے بلوں میں اضافی وصولیاں ہوں گی، لائف لائن صارفین کو استثنیٰ حاصل
لاہور :(بیوروچیف)ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک بار پھر بری خبر سامنے آئی ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت صارفین پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 63 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ اضافہ جنوری کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (FPA) کی مد میں کیا گیا ہے۔ نیپرا نے جنوری کی فیول پرائس پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا جسے اب جاری کر دیا گیا ہے۔
صارفین سے یہ اضافی رقم مارچ کے بجلی کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔اس اضافے کا اطلاق کراچی کے صارفین (کے الیکٹرک) پر بھی یکساں طور پر ہوگا۔یہ اضافہ لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر لاگو نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی نیپرا نے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔
سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 35 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی تھی، جس کے بعد اب فیول ایڈجسٹمنٹ کے اس نئے اضافے نے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے جہاں گھریلو صارفین کا بجٹ متاثر ہو رہا ہے، وہی صنعتی اور تجارتی شعبے کے لیے بھی پیداواری لاگت میں اضافہ متوقع ہے، جو بالآخر عام اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔



