نئی دہلی:(ویب ڈیسک)بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری دیوجیت سیکیا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قوانین پر مکمل طور پر عمل کریں گے۔
بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے واضح کیا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے آئی سی سی کی جانب سے آفیشل لوگوں سے متعلق مقرر کردہ اصولوں پر عمل کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر ایسی اطلاعات گردش کررہی تھیں کہ بھارت چیمپئنز ٹرافی میں اپنی جرسی پر میزبان ملک (پاکستان) کا نام نہیں چھاپنا چاہتا، تاہم سیکرٹری بی سی سی آئی کے اس بیان کے بعد یہ معاملہ اب ختم ہوگیا ہے۔
آئی سی سی کے آفیشل لوگو (جس پر پاکستان کا نام بھی ہوگا) سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سیکیا نے تصدیق کی ہم آئی سی سی کی ہدایات پر عمل کریں گے۔
عام طور پر، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے تمام ایونٹس میں شرکت کرنے والی ٹیمیں آئی سی سی کی ہدایات پر عمل کرتی ہیں، اور ہر ٹیم ایونٹ کے آغاز سے پہلے اپنی پلینگ اور ٹریننگ کٹ منظوری کے لیے آئی سی سی کو بھیجنے کی پابند ہیں۔
2017 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کی جرسی پر انگلینڈ اور ویلز کا نام شامل تھا، اسی طرح پاکستانی کھلاڑیوں نے ورلڈکپ 2023 کی شرٹس پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا اس ایونٹ کے لوگوں میں بھارت کا نام شامل تھا۔
خیال رہے کہ منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے جب کہ بھارت اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف دبئی میں کھیلے گا۔



