عمران پر ٹرمپ جیسے الزامات،ملر کا بھی یہی مطلب ہے انہیں رہا کیاجائے:رچرڈگرینل
واشنگٹن:(ویب ڈیسک)نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو رہا کیا جائے، ان پر ویسے ہی الزامات ہیں جیسے ڈونلڈ ٹرمپ پر تھے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سابقہ ٹرمپ انتظامیہ کے اس وقت کے پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے بہترین تعلقات تھے۔
ترجمان محکمہ خارجہ میتھیو ملر کے عمران خان سے متعلق بیان کے حوالے سے رچرڈ گرینل کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے پیچیدہ گفتگو کی، ان کا کہنے کا مطلب یہی تھا کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم کو رہا کیا جائے۔‘
رچرڈ گرینل کا مزید کہنا تھا کہ ایٹمی صلاحیت کے حامل ملکوں سے مختلف انداز میں ڈیل کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بائیڈن انتظامیہ پر پاکستان کے حوالے سے معاملات کو آگے بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’جوبائیڈن انتظامیہ جوکام 4 سال میں کرنے میں ناکام رہی وہ آخری 45 دن میں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘
خیال رہے کہ رچرڈ گرینل نے گزشتہ ماہ سے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر عمران خان کے حوالے سے پوسٹ کرنا شروع کی تھی، 26 نومبر کو جانے والی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ ’عمران خان کو رہا کیا جائے۔
اسی طرح ایک دوسری پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح عمران خان پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں اور اس کی وجہ سے وہ جیل میں ہیں۔



