پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

کوہ سلیمان میں جھڑپ، اہم کمانڈر سمیت2دہشتگرد ہلاک

سی ٹی ڈی سے فائرنگ کا تبادلہ، پسپا ہو گئے، تلاش کیلئے سویپ آپریشن جاری

لاہور ( بیورو چیف/سید ظہیر نقوی ) پنجاب کے قبائلی اور پہاڑی علاقے کوہ سلیمان میں محکمہ انسداد دہشتگردی ( سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) سے وابستہ دہشتگردوں کے ایک گروہ کا سراغ لگا لیا، جس کے نتیجے میں ہونے والی جھڑپ میں ایک اہم کمانڈر سمیت دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
جبکہ ان کے دیگر ساتھی اپنے دو زخمی ساتھیوں کو لے کر پسپا ہو گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ٹی ٹی پی کے 12سے 15مسلح افراد پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے کے راستے تمن قیصرانی کے قبائلی علاقے میں داخل ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ عناصر تحصیل کوہ سلیمان، وہوا اور تونسہ کے آباد علاقوں میں دہشتگردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی جدید ہتھیاروں، نگرانی کے آلات اور ڈرون ٹیکنالوجی سے لیس سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئیں۔
اہلکاروں نے جنڈوگا کے قریب کاچی گورو۔ لکھنی کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں رات بھر خفیہ نگرانی جاری رکھی۔ دن کے وقت ڈرون اور دیگر جدید ذرائع کی مدد سے مشتبہ دہشتگردوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
ترجمان مطابق کراس فائرنگ کے دوران دو دہشتگرد موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ دو زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ جانی نقصان کے بعد باقی دہشتگرد ناہموار پہاڑی راستوں اور قدرتی آڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونی میں کامیاب ہو گئے۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button