لاہورسمیت مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلے،4ڈاکو ہلاک
راولپنڈی میں بیرون ملک سے آنیوالوں کو لوٹنے والے 2ڈاکو،کاہنہ میں عثمان بٹ،شیخوپورہ میں ڈاکو عمران عرف عمرانو چنگڑ پار،ورثا کااحتجاج
لاہور:(بیوروچیف)لاہورسمیت مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 4ڈاکو پار کردیئے گئے ۔راولپنڈی میں بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے شہریوں کو جعلی پولیس اہلکار بن کرلوٹنے والے گینگ کے سرغنہ سمیت 2 ارکان پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو انہوں نے چونترہ کے علاقے میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے کے دوران سرغنہ سمیت 2 ڈاکو مارے گئے جبکہ دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے شہریوں کو جعلی پولیس اہلکار بن کر لوٹتے تھے، وہ ایئرپورٹ پر آنے والے شہریوں کی ریکی کرتے اور مختلف شاہراؤں پر ٹارگٹ کرتے تھے۔
لاہور کے علاقے کاہنہ میں سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا جس کی شناخت عثمان بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو نشاندہی کیلئے لے جایا جا رہا تھا ، ساتھیوں نے چھڑانے کیلئے فائرنگ کی جس کی زد میں آکر ملزم مارا گیا، فائرنگ کے بعد ساتھی فرار ہو گئے۔ پولیس نے مفرور ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
شیخوپورہ میں مریدکے روڈ پر پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو عمران عرف عمرانو چنگڑ ہلاک ہو گیا۔ سی سی ڈی اہلکار ڈاکو کو ریکوری کیلئے لے جا رہے تھے کہ اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑانے کیلئے پولیس وین پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر زیر حراست ڈاکو مارا گیا، موٹرسائیکل پر سوار اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔ ہلاک ڈاکو پرشیخوپورہ اور سیالکوٹ میں ڈکیتی اور قتل کے کئی مقدمات تھے۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے مفرور ڈاکوؤں کی تلاش شروع کردی ہے۔
عمران عرف عمرانو چنگڑ کے ورثا کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا اگر مجرم تھا تو اسے قانون کے کٹہرے میں لاناچاہیے تھا، پولیس نے جعلی مقابلے میں مار کر الزام لگادیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے حملے میں مارا گیا، اس معاملے کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔



