پاکستانتازہ ترینسپورٹس

ہمارا مقصد بنگلہ دیش کو عزت دلانا تھا : محسن نقوی: پاک، بھارت میچ بڑی کامیابی ، راجیو شکلا

لاہور (سلمان حسین) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے کہا ہے کہ ہمارا مقصد صرف بنگلہ دیش کو عزت دلانا تھا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے بنگلہ دیش کے سوا کوئی شرط نہیں رکھی، ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں تھا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہمارا مقصد بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو اجاگر کرنا تھا، بنگلہ دیش کیلئے یہ اقدام کیا تھا، بنگلہ دیش کے جو جو مطالبات تھے مانے گئے۔ دوسری طرف بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے لیے مذاکرات کے نتیجے کو بڑی کامیابی قرار دے دیا۔ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے خاتمے پر بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا نے کہا کہ آئی سی سی کے نمائندوں کے مذاکرات کے نتیجے سے خوش ہوں کہ کرکٹ کی اہمیت کو ترجیح دی گئی، باہمی رضامندی سے فیصلہ ہوا جوکہ اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کو آئی سی سی کے چیئرمین نے سپروائز کیا، آئی سی سی کے نمائندے پی سی بی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے بات چیت کے لیے لاہور گئے اور مسئلہ حل ہوا۔
بی سی سی آئی نائب صدر کا کہنا تھا کہ مسئلے کے حل کے لیے آئی سی سی نے اقدامات کیے، کرکٹ پھر سامنے آئی جہاں تک آئی سی سی کا تعلق ہے یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ راجیو شکلا نے مزید کہا کہ آئی سی سی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کو مذاکرات کی میز پر لائی اور اب 15فروری کو میچ کا انعقاد ہونا ایک اچھی خبر ہے، کہ پاکستان کھیلے گا اور یہ ورلڈ کپ کامیابی کی مثال بنے گا، یہ سب کے لیی ون ون پوزیشن ہے، میچ ہو گا اور ورلڈ کپ ایک کامیاب ایونٹ ہوگا۔ ادھر آئی سی سی نے کہا ہے کہ آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق فریقین نے تعمیری روابط کی ضرورت کو تسلیم کیا۔ اتفاق کیا کہ دیانت داری، غیر جانبداری، باہمی تعاون کے تحت متحد، پرعزم اور تعمیری انداز میں کام کیا جائے گا۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ تمام اراکین آئی سی سی ایونٹس میں شرکت کی شرائط کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کا احترام کریں گے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے انعقاد کے فیصلے سے آئی سی سی کے 174 ملین امریکی ڈالرز بچ گئے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اندازے کے مطابق نقصان کا تخمینہ براڈ کاسٹرز گیٹ منی اور دیگر اسپانسر شپ کی مد میں لگایا گیا، پاک بھارت میچ کی بحالی کے فیصلے کے فوری بعد ممبئی اور کولمبو کے ایئر ٹکٹ میں اضافہ دیکھا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی اور کولمبو کے ٹکٹ میں ابتدائی طور پر 10سے 60ہزار روپے تک کا اضافہ ہوا ہے اور پاک بھارت میچ کی وجہ سے کولمبو میں ہوٹل انڈسٹری نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے میچ کے بائیکاٹ کے بعد ہوٹل کی بکنگ منسوخ کرنے کے لیے رابطے کئے گئے جب کہ کئی کرکٹ شائقین پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کی پالیسی کے حوالے سے معلومات حاصل کر رہے تھے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے شیڈول میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کا اعلان ہوتے ہی شائقین کرکٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
دونوں ممالک کے مداح میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بحث عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ممبئی سے کولمبو جانے والے ایئر ٹکٹس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور کرایوں میں2 لاکھ پاکستانی روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے۔ پاکستان حکومت کی جانب سے اس اعلان کے بعد کولمبو میں ہوٹل انڈسٹری کی جان میں جان آگئی، ہزاروں شائقین نے فوری طور پر ہوٹلز کی بکنگ شروع کر دی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button