انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

وزیراعظم ازبکستان پہنچ گئے، یادگار آزادی کا دورہ، تعلقات مضبوط کرنے کا عزم

شہباز شریف صدر شوکت مرزیایوف سے ملاقات کرینگے، دوطرفہ تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط ہونگے

تاشقند، اسلام آباد ( ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف کی خصوصی دعوت پر 2روزہ دورہ پر تاشقند پہنچ گئے۔ ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ عاریپوف، ازبک وزیرِ خارجہ بختیار سیدوف، تاشقند کے میئر شوکت عمرزاکوف، ازبکستان کے پاکستان میں سفیر علی شیر تختائیف اور پاکستان کے ازبکستان میں سفیر احمد فاروق سمیت اعلیٰ سفارتی و سرکاری اہلکاروں نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم ازبک صدر شوکت مرزیایوف سے دو طرفہ ملاقات کریں گے، جس میں ازبکستان اور پاکستان کے مابین علاقائی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سلامتی، علاقائی استحکام اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ پر گفتگو ہوگی۔
پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوطرفہ تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گی۔ پاکستان اور ازبکستان کی کاروباری و سرمایہ کار برادری کے مابین تعاون کو بڑھانے کیلئے تاشقند میں پاکستان اور ازبکستان بزنس فورم کا انعقاد بھی ہوگا جس میں وزیراعظم شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔ وزیر اعظم ازبکستان کی تعمیری صنعت کے مشاہدے کیلئے تاشقند میں قائم ٹیکنو۔ پارک کا دورہ بھی کریں گے۔ جبکہ وزیراعظم نے تاشقند میں گزشتہ روز یادگار آزادی کا دورہ کیا اور پاکستان ازبکستان تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ازبکستان کے وزیر اعظم عبداللہ عاریپوف بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ آزادی کی یادگار ازبک عوام کے حوصلے اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان اور ازبکستان امن، خوشحالی اور علاقائی روابط کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔
یہ دورہ ہماری مشترکہ اقدار اور روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت کے عزم اعادہ ہے۔ یادگار کے دورے کے دوران وزیر اعظم کو ازبک قوم کی 3000سالہ تاریخ اور اس کے ہیروز کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ قبل ازیں وزیراعظم نے منگل کو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں عوامی خدمات کی فراہمی کے جدید مرکز ’’ آسان خدمت‘‘ کا دورہ کیا اور عوامی فلاح و بہبود کی اس سہولت کے جدید ماڈل کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اسلام آباد میں ’’ خدمت مرکز‘‘ کی طرز کا ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں ہم آذربائیجان کے سا تھ معاہدہ کر کے آپ کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ انہوں نے آسان خدمت کی ایک ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنے اور باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ وزیر اعظم نے صدر الہام علیوف کی بصیرت انگیز قیادت کی تعریف کی اور عوامی فلاح و بہبود کی اس سہولت کو سراہا۔
وزیر اعظم نے خدمت مرکز میں قائم سٹارٹ اپس کے فروغ کیلئے قائم سنٹر (INNOLAND)کا بھی دورہ کیا۔ مزید برآں وزیراعظم نے کویت کے قومی دن اور یوم آزادی کے موقع پر امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح ولی عہد شیخ صباح الخالد الحماد الصباح، وزیر اعظم شیخ عبداللہ الاحمد الصباح اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ اس پر مسرت موقع پر ہم غیر ملکی جارحیت سے آزادی کا جشن منانے میں کویتی عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات ہماری مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں، ہم ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم اپنے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے، باہمی طور پر مفید تعاون کو بڑھانے اور علاقائی امن اور خوشحالی کے لئے کویت کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button