کوئٹہ:(ویب ڈیسک)بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداﷲ میں ایف سی قلعے کے قریب دھماکہ ہوا جس میں 4افراد شہید اور 11زخمی ہوگئے۔ڈپٹی کمشنر ریاض خان نے بتایاکہ دہشتگرد بظاہر ایف سی قلعے کی دیوار کو اڑانا چاہتے تھے، دھماکے میں متعددافراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ۔
دھماکے سے متعدد گاڑیاں اور دکانیں تباہ ہوئی ہیں، ایف سی قلعے کی عقبی دیوار کے ساتھ مارکیٹ بھی ہے، دھماکے کے بعد مسلح افراد اور ایف سی اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔دھماکے سے جبار مارکیٹ کی متعدد دکانیں گر گئیں، کئی دکانوں میں آگ بھی لگ گئی، دھماکے سے قریبی مارکیٹ میں زیادہ جانی و مالی نقصان ہوا ہے، علاقے میں ہیلتھ سہولتوں کی کی کمی کے باعث زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دھماکے کے وقت قبائلی رہنما حاجی فیض اﷲ خان غبیزئی اپنے دفتر میں موجود تھے وہ محفوظ رہے، زخمیوں میں انکے گارڈ اور راہ گیر شامل ہیں۔ علاقے کو سیل کر کے سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔



