پاکستانتازہ ترین

امیرالعظیم سپردِ خاک، نمازِ جنازہ میں سیاسی و مذہبی شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت

لاہور، اسلام آباد (زبیر اسلم خان): جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم کو لاہور میں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ منصورہ لاہور میں ادا کی گئی، جس کی امامت جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کی۔

نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر احسن اقبال، صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ، سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، جماعت اسلامی کے نائب امراء لیاقت بلوچ اور ضیاء الدین انصاری، سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سمیت مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔

مرحوم کو کینال ویو سوسائٹی کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا، جہاں اہل خانہ، عزیز و اقارب اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

حافظ نعیم الرحمان کا اظہارِ افسوس

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے امیرالعظیم کے انتقال کو جماعت اسلامی کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی دین، سیاست اور عوامی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

لیاقت بلوچ کی اہل خانہ سے تعزیت

جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ مرحوم کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے مرحوم کے بھائیوں نورالعظیم، اشرف العظیم اور اسد العظیم سے ملاقات کی، اظہارِ تعزیت کیا اور مرحوم کے لیے خصوصی دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا تعزیتی پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تعزیتی بیان میں امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک صاحبِ بصیرت سیاست دان تھے جنہوں نے قومی سیاست میں اہم خدمات انجام دیں۔

عطاء اللہ تارڑ کا اظہارِ افسوس

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بھی امیرالعظیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک باوقار، اصول پسند اور باکردار سیاسی رہنما تھے، جن کی قومی و سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button