اٹک جیل میں قیدیوں پرجوتے،تھپر،مکوں کی بارش،رشوت عام ،اسیران کی ہڑتال پرآئی جی کا نوٹس
لاہور :(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)ڈسڑکٹ جیل اٹک کی انتظامیہ کی جانب سے قیدیوں سے مبینہ بہیمانہ ناروا سلوک کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں ،آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن رانا عبدالروف کو انکوائری افسر مقرر کرکے رپورٹ طلب کرلی۔
ویڈیو میں جیل انتظامیہ کے باوردی آفیسر کو کرسی پر بیٹھ کر مشقتی سے خود کو دبواتے بھی دیکھا جاسکتا ہے، ایک قیدی کو دیگر ساتھی قیدیوں کو جوتے سے مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اسی طرح آفیسر کے سامنے ایک قیدی عقب میں کھڑے قیدی کو تھپڑ اور مکے مارتا ہے۔ قیدیوں نے جیل میں احتجاجاً بھوک ہڑتال بھی کیے رکھی۔ اسیر شہاب نامی قیدی نے ویڈیو بیان میں اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی اور بتایا کہ ہم پر تشدد کرکے ذلیل کیا جاتا ہے، اسی وجہ سے ہم چار دن سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔
شدید گرمی کے باوجود جیل میں سے درخت کاٹ کر جلائے جاتے ہیں تاکہ سروں پر سایہ نہ رہے۔قید با مشقت والے قیدیوں سے پیسے لے کر ان کی جگہ دوسرے قیدیوں سے مشقت کرائی جاتی ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے کہا کہ جسمانی تشدد کرنے کا اختیار کسی کو حاصل نہیں، اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا، قصورواروں کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔



