لاہور (سلمان حسین)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد پنجاب میں چیف منسٹر کارڈیک سرجری پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت دل کے مریضوں کو منتخب سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے شروع کیے گئے اس پروگرام کے تحت صوبے کے 9 سرکاری اور 15 نجی کارڈیک اداروں کو شامل کیا گیا ہے، جہاں مریضوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
پروگرام کا مقصد پنجاب میں دل کے مریضوں کو بروقت اور مفت علاج فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (PIC) میں پہلے مریض کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اس پروگرام کے لیے سالانہ 3 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ اوپن ہارٹ سرجری کی طویل ویٹنگ لسٹ کو 6 ماہ کے اندر ختم کیا جائے۔
مریضوں کی رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 09009-0800 قائم کی گئی ہے، جبکہ شہری پیر سے ہفتہ صبح 8 بجے سے رات 11 بجے تک 042-99066000 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ نمبر 0333-6756390 کے ذریعے بھی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ ہزاروں مریضوں کو جدید اور مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ دل کے امراض میں مبتلا افراد بروقت علاج حاصل کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی خودمختاری، ترقی اور مواقع کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں خواتین کو تحفظ کے ساتھ ساتھ روزگار اور ترقی کے مساوی مواقع دیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو معاشرے میں آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ اور اعتماد دینا ضروری ہے۔ ان کے مطابق میرٹ کی بنیاد پر مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور صوبے میں مختلف شعبوں میں خواتین نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں انتظامی اور پالیسی سطح پر بھی خواتین کی شمولیت بڑھ رہی ہے، جبکہ تعلیم، صحت، پولیس اور دیگر اداروں میں بھی خواتین فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خواتین کے تحفظ کے لیے ورچوئل پولیس اسٹیشن، پینک بٹن اور سیف سٹی جیسے اقدامات کر رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔



