لاہور ( بیوروچیف) برکی پولیس کے چھاپے کے دوران گرفتاری سے بچنے کیلئے چھت سے چھلانگ لگا نے والا مبینہ منشیات فروش بجلی کی تاروں سے ٹکرا کر جان کی بازی ہار گیا، جاں بحق ملزم کے لواحقین پولیس کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پولیس نے اسلم کو چھت سے نیچے گرایا جس سے اس موت واقع ہوگئی۔
پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق برکی پولیس نے ڈیفنس سی کے علاقے بائو والا گائوں کے رہائشی ملزم علی رضا کی نشاندہی پر اسکے ماموں اسلم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا، اس دوران ملزم نے پولیس کو گھر کے باہر دیکھ کر خوف سے چھت سے چھلانگ لگا دی۔
جس کے نتیجے میں وہ تاروں سے ٹکرا نے کے بعد زمین پر گر کر شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کرکے کارروائی شروع کردی۔ جاں بحق ملزم کے لواحقین نے پولیس کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پولیس نے اسلم کو چھت سے نیچے گرایا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ دوسری جانب ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والا ملزم پچاس سے زائد منشیات کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا جبکہ اس کا بھانجا علی رضا بھی منشیات فروش ہے اور ریکارڈ یافتہ ہے۔



