دبئی:(ویب ڈیسک )آئی سی سی نے پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا۔
چمپئینز ٹرافی 2025 کے میچز کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہوگا، ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں ہوگا جبکہ اختتام 9 مارچ کو ہوگا۔
آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔
اس کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ 27فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، اس کے علاوہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ 20 فروری کو یو اے ای میں شیڈول ہے۔
آئی سی سی نے بتایا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی 21 فروری کو افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے میچ کی میزبانی کرے گا، چمپئینز ٹرافی کے بڑے مقابلے میں 22 فروری کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لاہور میں ٹکرائیں گی جبکہ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں 24 فروری کو راولپنڈی میں مد مقابل ہوں گی۔
اس میں بتایا گیا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ 25 فروری کو راولپنڈی میں ہوگا، افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے مقابلے کا انعقاد 26 فروری کو لاہور ہوگا، 28 فروری کو آسٹریلیا اور افغانستان لاہور جبکہ یکم مارچ کو انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کراچی میں مد مقابل ہوں گے۔
آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق بھارت کا نیوزی لینڈ سے مقابلہ 2 مارچ کو یو اے ای میں ہوگا، پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو یو اے ای اور دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو لاہو میں ہوگا۔
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے کہا کہ 5 مارچ پہلے سیمی فائنل اور 6 مارچ دوسرے سیمی فائنل کے لیے بطور ریزرو ڈیز مختص کیا گیا ہے۔
شیڈول میں کہا گیا کہ بھارت کے 3 لیگ میچز ، ایک سیمی فائنل اور فائنل یو اے ای میں کھیلا جائے گا، چمپیینز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو لاہور یا یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق بھارت کے فائنل میں نہ پہنچنے کی صورت میں فائنل 9 مارچ کو لاہور میں ہو گا، 10 مارچ فائنل کے لیے ریزرو دن کے طور پر مختص کیا گیا ہے۔



