کراچی (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تعلیم کے حوالے سے اپنی حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم ہی ایک متوازن معاشرے اور مضبوط ریاست کی واحد ضمانت ہی۔ وہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ( اے آئی او یو) کے سندھ چیپٹر کے2025کے کانووکیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
جو بحریہ آڈیٹوریم کارساز کراچی میں منعقد ہوا۔ گریجویٹس ، اساتذہ اور والدین کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ کانووکیشن محض اسناد کی تقسیم نہیں بلکہ صبر، محنت اور امید سے بھرپور ایک طویل فکر ی سفر کا جشن ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ایک ایسے تعلیمی ادارے کا تصور پیش کیا جس نے وقت، فاصلے اور حالات کی رکاوٹوں کو توڑ دیا۔ مراد علی شاہ نے ایک متاثر کن تاریخی واقعہ بھی بیان کیا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے پہلے دور وزارت عظمیٰ کے دوران علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایک قلیل مدتی کورس میں داخلہ لیا تھا۔
وزیر ِاعلیٰ سندھ نے گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی اسناد کامیابی کی رسیدیں ہیں اور ان کی اندرونی طاقت اور قربانیوں کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو صرف ذاتی مفاد کا ذریعہ نہ سمجھیں بلکہ سماجی انصاف، برداشت اور انسانی وقار کے فروغ کی ذمہ داری کے طور پر لیں۔
سندھ حکومت تعلیم کو محض ایک انتظامی معاملہ نہیں سمجھتی بلکہ ہم اسے قوم کے مستقبل کی ضمانت تصور کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر صوبے بھر سے کامیاب ہونے والے طلبہ میں گولڈ میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔



