انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

ٹیرف کے بعد بھارت کو نیا دھچکا، امریکہ نے 7کمپنیوں پر پابندی لگا دی

پابندیوں کا شکار ساتوں کمپنیاں ایران سے تیل کی تجارت کرتی ہیں،10جہازوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائیگی

واشنگٹن، نئی دہلی ( ویب ڈیسک) امریکہ نے مودی سرکار کو ایک اور جھٹکا دیدیا۔ بھارت کی کمپنیوں پر پابندی لگا دی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں قائم 7کمپنیوں پر پابندیاں لگا دیں، پابندیوں کا شکار ساتوں کمپنیاں ایران سے تیل کی تجارت کرتی ہیں۔
امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران تیل سے حاصل آمدنی کو مشرق وسطیٰ کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے اور اپنے عوام کا استحصال کرتا ہے۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ محکمہ خارجہ ایسی 20کمپنیوں پر پابندی لگا رہا ہے جو ایرانی پٹرولیم، پٹرولیم مصنوعات یا پیٹرو کیمیکل تجارت میں شریک ہیں اور 10جہازوں کے خلاف بھی کارروائی کر رہا ہے، کہا جارہا ہے کہ ان 20میں سے 7کمپنیاں بھارت میں قائم ہیں۔ دوسری طرف امریکی ٹیرف عائد ہونے پر بھارتی سٹاک مارکیٹ میں بھونچال آگیا۔
ممبئی سٹاک مارکیٹ میں 8سو پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، مندی سے بھارتی سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔ موجودہ معاشی صورتحال پر بھارتی سرمایہ کاروں نے سر پکڑ لئے، مودی سرکار کی پالیسیاں سرمایہ کاروں پر بھاری پڑنے لگیں۔ادھر بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارتی معیشت کے مردہ ہونے کے بیان کی حمایت کردی ہے۔ راہول گاندھی نے صحافیوں سے بات چیت میں مودی سرکاری کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایک حقیقت کو بیان کیا ہے اور اگر یہ بات کسی کو نہیں معلوم تو وہ ملک کے وزیراعظم اور وزیرخزانہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہماری معیشت، دفاع اور خارجہ پالیسی کو تباہ کر دیا ہے اور یہ حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے جارہی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی صرف صنعتکار گوتم اڈانی کے مفادات کے لیے کام کرتے ہیں۔ راہول گاندھی نے صدر ٹرمپ کے متعدد دعوں پر حکومت کی خاموشی پر بھی سخت سوال اٹھا دئیے۔
انہوں نے کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ ٹرمپ نے تقریباً30سے 32بار دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جنگ بندی کرائی اور ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ جنگ میں بھارت کے 5لڑاکا طیارے گرائے گئے اور اب انہوں نے بھارت پر 25فیصد ٹیرف عائد کرنے کی بات کی۔ راہول گاندھی نے حکومت سے سوال کیا کہ وزیراعظم مودی اس تمام تر معاملے پر خاموش کیوں ہیں؟ وہ اس پر جواب کیوں نہیں دے پا رہے؟ اصل وجہ کیا ہے؟

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button