لاہور ( سلمان حسین) پاکستان سپرلیگ سیزن 10کے پہلے ایلیمنٹر میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6وکٹوں سے ہراکر فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔
کراچی کنگز کے 191رنز کا ہدف لاہور قلندرز نے 4وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کرلیا، لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 35گیندوں پر 5چھکوں اور3چوکوں کی مدد سے 65رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔
لاہور قلندرز کے اوپنر فخرزمان نے 28گیندوں پر 3چھکوں اور 5چوکوں کے عوض 47رنز سکور کیے، کوشال پریرا 30اور محمد نعیم 14رنز بنا سکے، بہانوکا راجا پکشا 23جبکہ آصف علی ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، یوں لاہور قلندر زنے یہ 6وکٹوں سے فتح سمیٹ لی اور کراچی کنگز کو ایونٹ سے باہر کردیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن نے 2جبکہ فواد علی اور میر حمزہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 190رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر 52گیندوں پر 75رنز بنا کر نمایاں رہے ، ان کی اننگ میں 3چھکے اور 8چوکے شامل تھے، عرفان خان 18، ٹم سائفرٹ اور محمد نبی 16،16، سعد بیگ 11جبکہ جیمز وینس 4اورعباس آفریدی 2رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کنگز کیحسن علی بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے جبکہ خوشدل شاہ نے 27اور میر حمزہ نے 2رنز کی ناٹ آئوٹ اننگ کھیلی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رئوف نے 3، کپتان شاہین آفریدی نے 2، زمان خان، شکیب الحسن اور محمد نعیم نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ لاہور قلندرز دوسرے ایلیمنٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل کی ٹکٹ کنفرم کرلی ہے۔


