’’پنجاب ثقافت دیہاڑ‘‘ 18تا19اپریل الحمراآرٹس کونسل میں شاندار پروگرام
عظمیٰ بخاری پروگرام کی میزبان،نصیبو لعل، صنم ماروی، ذیشان روکھڑی،ندیم عباس لونے والا،جمیل لوہار فن کا مظاہر ہ کریں گے
لاہور:(اشفاق حسین)محکمہ اطلاعات وثقافت کے زیر اہتمام پنجاب ثقافت دیہاڑ 18تا19اپریل کو الحمراء آرٹس کونسل میں منعقد ہوگا۔پروگرام کی میزبان صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری ہیں۔

تقریبات کا مقصد پنجا ب کی زبان و ادب، تہذیب و تمدن، تاریخ،ورثہ، فن وثقافت عوام کے سامنے پیش کرنا ہیں جس کے چاہنے والے دنیا کے کونے کونے میں موجود ہیں۔
ثقافتی رنگوں سے سجے اس خوبصورت موقع پر نامور گلوکارہ نصیبو لعل، صنم ماروی، ذیشان روکھڑی،ندیم عباس لونے والا،جمیل لوہار ٗ اپنے فن کا مظاہر ہ کریں گے۔
محکمہ اطلاعات وثقافت کے اس احسن اقدام ”پنجاب ثقافت دیہاڑ“کی تقریبات میں ڈھول پرفارمنس،اونٹ رقص، گھوڑا رقص، بانسری جوڑی، شہنائی پرفارمنس،پنجاب ولیج،ہیر گائیکی، لڈی پرفارمنس،ماہیے،ٹپے، بولیاں،بھنگڑا،صوفی رقص، پنجاب کرافٹ بازار،گدا پرفارمنس، ناٹک ”ہیر رانجھا“کے ساتھ ساتھ پنجاب کی قدروں پر مبنی فن پاروں کی نمائش، پنجابی مشاعرہ و گفتگو کی نشست ”پنجاب اج تے کل“ شامل ہونگی۔
نمائش میں نامور آرٹس ذوالفقار علی زلفی، محبوب علی، غلام مصطفی، ڈاکٹر اعجاز انور، مغیث ریاض اور نذیر احمد کے بنائے ہوئے فن پارے آویزاں کئے جا رہے ہیں۔
گفتگو کی نشست ”پنجاب اج تے کل“میں نامور پنجابی دان پروین ملک، ڈاکٹر سعید بھٹہ، ڈاکٹر صغریٰ صدف، نین سکھ، انجم قریشی، ڈاکٹر فوزیہ اسحاق اظہار خیال کریں گی جبکہ ڈاکٹر شائستہ نزہت نشست کو مارڈیٹ کریں گی۔
پنجا ب ثقافت دیہاڑ کی تمام تقریبات شام 7بجے سے رات 10بجے تک جاری رہیں گی۔لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں پنجاب ثقافت دیہاڑ کی انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔
واضح رہے صوبائی وزیر عظمی زاہد بخاری کی سربراہی میں 14اپریل کو پنجاب بھر میں ”پنجاب ثقافت دیہاڑ“ عظیم الشان انداز میں منایا گیا،جو پنجاب کی زبان و ادب، تہذیب و تمدن، تاریخ،ورثہ، فن وثقافت کے لئے اہم سنگ میل ہے۔



