لاہور(بیوروچیف)ایف آئی اے سینٹرل عدالت لاہور میں پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے مونس الٰہی اور شریک ملزم جبران کے ریڈوارنٹ پر رپورٹ اورپرویز الٰہی کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لئے۔
سابق وزیر اعلی پنجاب نے حاضری مکمل کروائی، فاضل جج نے پرویز الٰہی سے خیریت دریافت کی تو انہوں نے بتایا جی اب بہتر محسوس کر رہا ہوں،مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 9 مئی جلائو گھیرائو کے 6مقدمات میں عمر ایوب، فواد چودھری، اسد عمر اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں 16 جون تک توسیع کر دی،عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء کو حتمی دلائل کیلئے طلب کر لیا، عدالت نے عمر ایوب، علیمہ خانم کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کیسوں میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر،جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، حافظ فرحت عباس، بلال اعجاز، حسن نواز، علی امتیاز وڑائچ اور محمد احمد چٹھہ، محمد اشرف سوہنا سمیت دیگرکی عبوری ضمانت میں 16 جون تک توسیع کر دی۔



