لاہور ( سلمان حسین ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہاتھ جوڑ کر کرکٹرز سے ٹیم میں سیاست نہ کرنے کی درخواست کر دی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جہاں تک پاکستان کرکٹ ٹیم کا تعلق ہے آپ نے اچھا کھیلا ہے مگر برائے مہربانی سیاست چھوڑ دیں، صدر مملکت نے ہاتھ جوڑ کر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے کہا کہ برائے مہربانی سیاست ہمارے لیے چھوڑ دیں، ہم جیسے لوگ 14سال کے لیے جیل جاسکتے ہیں، مگر آپ لوگ نہیں جاسکتے۔
جبکہ صدر مملکت نے پاکستان اور بنگلہ دیش کو قریب لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میں اس نسل سے تعلق رکھتا ہوں جس نے ہمیں علیحدہ ہوتے دیکھا، میرا وہ درد اب بھی برقرار ہے، آج کی نسل علیحدگی کے درد کی کیفیت کو نہیں سمجھ سکتی، دونوں ممالک کو ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے، مل کر زخموں کا مداوا کرنا ہوگا اور دونوں ممالک کے عوام کی فلاح کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی طرح بنگلہ دیش کو بھی وسائل سے نوازا ہے، ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے عوام خوشحال ہوں۔
دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، نوجوان نسل کو باہمی رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کرکٹرز اور دونوں ٹیموں کے آفیشلز کے ساتھ گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور حالیہ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر صدر مملکت نے مہمان ٹیم کے آفیشلز کو پی سی بی کی جانب یادگاری تحائف بھی پیش کئے جبکہ چیئرمین پی سی بی نے صدر مملکت کو ان کے نام سے مزین قومی ٹیم کی 1نمبر کی جرسی بھی پیش کی۔



