لاہور (بیورو چیف) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کی خدمت کے لیے جدید ایئر ایمبولینس متعارف کرا رہی ہیں، تو کے پی حکومت اس کے مقابلے میں صرف رکشہ چلانے پر اکتفا کر رہی ہے، جو دونوں حکومتوں کی ترجیحات کا واضح فرق ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات پر جہاں مودی کی حکومت اور تحریکِ فساد کو پریشانی لاحق ہے، وہیں پوری پاکستانی قوم اس پر خوش ہے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ دنیا کی طاقتور قوموں کے رہنما جب بین الاقوامی سطح پر عزت حاصل کرتے ہیں، تو یہ صرف ان کے ملکی کردار، وقار اور خدمات کی بنیاد پر ممکن ہوتا ہے، جیسے کہ فیلڈ مارشل کو امریکہ میں دی جانے والی عزت اس بات کا مظہر ہے۔
پنجاب کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ترقی کا سفر عروج پر ہے اور حالیہ اقدام کے طور پر 911گاڑیاں ’’ کلینک آن ویلز‘‘ فلیٹ میں شامل کی گئی ہیں تاکہ عوام کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر لیبر اینڈ سپورٹس ملک فیصل ایوب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ایک متوازن، ٹیکس فری اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جو حقیقی معنوں میں عوامی فلاح و بہبود کی عکاسی کرتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ بجٹ نہ صرف تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرتا ہے بلکہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دے کر معیشت کو مضبوط بنانے کی بنیاد رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر فائلر افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ نظام میں شفافیت لائی جا سکے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت، صفائی، اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں نمایاں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ ستھرا پنجاب مہم کے تحت عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ جلد ہی 1100ماحول دوست نئی بسیں سڑکوں پر ہوں گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہر عوامی روپے کو امانت سمجھ کر بروئے کار لا رہی ہیں اور شفاف طرز حکمرانی کے ذریعے پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کر چکی ہیں۔
پریس کانفرنس کا اختتام ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ہر طبقے کی ترقی اور بہتری کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھے گی۔ جبکہ وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) 2025-26میں شامل مجوزہ کھیلوں کے منصوبوں اور نوجوانوں کے لیے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ کھیل و امور نوجوانان کے شعبے کے لیے رواں سال 7.6ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت کی اولین ترجیح نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا اور کھیلوں کے جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر کو یقینی بنانا ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ برس ’’ کھیلتا پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت 1.2لاکھ کھلاڑیوں نے شرکت کی، جبکہ رواں برس اس سلسلے کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ٹیلنٹ ہنٹ ایونٹس کے انعقاد کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور موجودہ اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بحالی و بہتری پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، جس میں 6ہزار نوجوانوں کو ماہانہ 25ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے۔
اب فیز ٹو کی جانب بڑھتے ہوئے انٹرنیز کی تعداد 10ہزار کر دی جائے گی اور وظیفے کی رقم بڑھا کر 60ہزار روپے ماہانہ کی جا رہی ہے۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بتایا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ’’ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ‘‘ قائم کیا گیا ہے جس کے تحت کھلاڑیوں کو 30، 50اور 70ہزار روپے کے فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ’’ سیلف سسٹیننگ سسٹم‘‘ متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ سپورٹس ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جا سکے۔ پنجاب سٹیڈیم نشتر پارک لاہور کی اپ گریڈیشن، نشستوں کی گنجائش 6000سے بڑھا کر 10000کی جا رہی ہے جبکہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 80کروڑ کی لاگت سے 102کمروں پر مشتمل ہوٹل ؍ ہاسٹل تعمیر کیا جائے گا۔ انڈور اسپورٹس ارینا ( ٹیبل ٹینس، سنوکر، بورڈ گیمز، انڈور روئنگ) کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔
لاہور میں انٹرنیشنل باکسنگ ایرینا کی بحالی اور بیس بال گرانڈ کی تعمیر کی جائے گی۔ ویلوڈروم، سوئمنگ پول، انڈور والی بال کمپلیکس کی تعمیر و بحالی بھی ممکن ہو سکے گی جبکہ لاہور، ملتان اور سیالکوٹ میں پیڈل ٹینس کورٹ کی تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رحیم یار خان، مریدکے اور نارووال روڈ پر ملٹی پرپز سپورٹس سہولیات تعمیر کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے ثقافتی کھیل کبڈی کو دوبارہ زندہ کر رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو اپنی تہذیبی روایات سے جوڑا جا سکے۔ آئندہ مالی سال میں مزید منصوبے شامل کئے جائیں گے اور ہر ضلع میں کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پنجاب حکومت کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا چاہتی ہے۔ ہمارا مقصد صرف انفرا سٹرکچر کی تعمیر نہیں بلکہ اس کے پائیدار اور خودمختار انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔



