پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

پی ٹی آئی کا تحریک کا آغاز ،5اگست کو یوم سیاہ ، مظاہرے، ریلیوں کااعلان

وزیراعلی کے پی پشاور میں ریلی کی قیادت کرینگے ، تحریک پر امن اورقانون کے دائرے میں رہ کر چلائی جائیگی،اسد قیصر ،شہرام ترکئی ،احتجاج ضلعی سطح پر ہوگا، عمر ایوب

لاہور: (عاطف عارف) پاکستان تحریک انصاف5ستمبرکو ملک بھر میں تحریک کا آغاز کرے گی جبکہ بانی چیئرمین عمران خان کی 5اگست 2023کو گرفتاری کے تناظر میں5اگست کویو م سیاہ کے طور پر بھی منایا جائے گا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے مطابق 5اگست کو ملک بھر میں جگہ جگہ پر احتجاج ہوں گے اور ریلیاں نکالی جائی گی ۔

خیبرپختونخوا ہ کے وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن مینا خان کے مطابق وزیراعلی علی امین گنڈاپور پشاور میں ریلی کی قیادت کریں گے جبکہ تمام اضلاع میں علیحدہ علیحدہ ریلیاں نکالی جائیں گی،مرادن، صوابی اور نوشہرہ کے قافلے صوابی انٹرچینج پر جمع ہوں گے۔سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور شہرام ترکئی نے صوابی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کو ملک بھر میں پرامن تحریک کا آغاز کیا جائے گا،یہ تحریک پر امن اور قانون و آئین میں دائرے میں رہ کر چلائی جائے گی۔

بانی پی ٹی آئی کو دو سال قبل پانچ اگست کے روز گرفتار کیا گیا تھا، اسی دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جائے گا، پانچ اگست کو پاکستان کے پرچم سمیت سفید پرچم و پارٹی پرچم لائیں گے ، ہم پر امن ہیں اور اگر کسی نے شرارت کی تو کارکن جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ رہائی عمران خان کا حق ہے، عمران خان اور ان کی اہلیہ کو رہائی دی جائے ۔

اسد قیصر نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ وہ بانی کے مقدمات کو جلد نمٹائیں اور انصاف کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ بے توقیر ہو چکی ہے، اپوزیشن رہنمائوں کو ناحق سزائیں دی جا رہی ہیں۔ اسد قیصر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تو ایک گھنٹے میں ہوسکتی ہے لیکن وہ ڈیل نہیں کریں گے۔

اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ کے حوالے سے بیان کہ کارکردگی دکھا نہیں سکتے تو استعفیٰ دیں کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ شہرام ترکئی نے کہا کہ 5 اگست کو سفید، قومی اور پارٹی پرچموں کے ساتھ احتجاج ہوگا۔

ہری پور میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے بھی یوم سیاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کا احتجاج ضلعی سطح پر ہوگا، کوئی مرکزی احتجاجی تحریک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں 7، 5 اور 9 مئی کے واقعات میں ملوث قرار دینے کا کوئی ثبوت موجود نہیں، وہ 7 مئی کو اپنے والد مرحوم کی تیمارداری میں مصروف تھے۔

علاوہ ازیں اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ آئین و قانون کی بالا دستی کے بغیر معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں ،حالیہ سزائیں عوا م کو خوفزدہ کرنے کی کوشش ہیں ، پی ٹی آئی آئین و قانون کی جنگ لڑرہی ہے اور یہ اصل میں پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے ۔ پانچ اگست کی کال کے خوف سے مقدمات درج کیے جارہے ہیں، حکومت چاہتی ہے کہ اپوزیشن کا گلا گھونٹا جائے تاکہ ایوانوں میں کوئی ان کے سامنے مزاحمت کرنے والا نہ ہو ۔

دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی چیئرمین عمران خان کی دو سالہ غیر قانونی قید کے خلاف ملک گیر احتجاجی مہم کے سلسلے میں پنجاب میڈیا سیل میں اجلاس ہوا جس کی صدارت ہیڈ پنجاب میڈیا سیل شایان بشیر نے کی، جس میں پنجاب بھر سے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس نے شرکت کی۔

شایان بشیر ہیڈ میڈیا سیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوا کہا کہ عمران خان ایک بےباک، ایماندار اور ویژنری رہنما ہیں، جنہوں نے ہمیشہ سچائی، انصاف اور خودداری کا علم بلند رکھا۔ ان کی قیادت نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے امید کی کرن ہے۔ عمران خان ایک ایسی شخصیت ہیں جو عوام کے دلوں میں گھر کر چکی ہے اور جنہوں نے نوجوان نسل کو ایک نظریہ، ایک مقصد اور ایک واضح سمت دی ہے۔ ان کی دو سالہ قید ظلم، جبر اور سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عمران خان کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔اجلاس کے بعد کینٹ کے علاقے میں ڈور ٹو ڈور پانچ اگست کے حوالے سے پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button