
لاہور: (شہزاد فراموش) حلقہ ارباب ذوق کے رواں سیشن کا پندرہواں اجلاس پاک ٹی ہاؤس میں اورنگ زیب نیازی کی صدارت میں ہوا۔ گزشتہ اجلاس کی مختصر کارروائی محمد احمد نے پیش کی۔ بعدازاں خالد جاوید جان نے نظم تنقید کے لیے پیش کی جس کاعنوان تھا”بے وفائی بھی اک ضرورت ہے“۔ حاضرین کی آراء کے بعد صاحب صدارت نے نظم کو اچھی پیش کش قرار دیااو ر شاعر کو داد دی۔

اس کے بعد شاذیہ مفتی نے انشائیہ ”نئے کپڑے بدل کر جاؤں کہاں“ پیش کیا۔ حاضرین مجلس کی انشائیہ پر سیر حاصل گفتگو کے بعداورنگ زیب نیازی نے صدارتی رائے میں کہا کہ انشائیہ ادب میں کم لکھی جانے والی صنف ہے۔انہوں نے اسے اچھی کوشش قرار دیا۔
انہوں نے کہاکہ اس میں مزاح کا عنصر کچھ زیادہ ہے لیکن پابند نظم کہنا اور انشائیہ کا لکھا جانا خوش آئند ہے۔ آخر میں واجد امیر نے غزل پیش کی۔ حاضرین کی تنقید کے بعد صاحب صدارت نے رائے دیتے ہوئے اسے جدید اور عمدہ غزل قرار دیا۔
اجلاس کے اختتام کے بعد سلیم طاہر اور شہزاد فراموش کے بھائی محمد جمیل کے انتقال پر تعزیتی قرار داد پیش کی گئی۔ اجلاس میں تقریبا90 افراد نے شرکت کی۔



