پشاور، اسلام آباد (ویب ڈیسک ) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں اور گرد و نواح میں مقامی پولیس، کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی)، کوئیک رسپانس فورس (QRF) اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو کاری ضرب لگاتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔
مختلف علاقوں میں کی جانے والی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 3اہم کمانڈرز سمیت 17دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ آپریشنز کے دوران فورسز کی نفری مکمل طور پر محفوظ رہی اور اہل علاقہ نے اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھرپور تعاون کیا۔ کارروائیوں میں دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد ہوا، جبکہ خوارج کے مقامی نیٹ ورک اور کمانڈ اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔ شیری خیل اور پکہ پہاڑ خیل میں لکی پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن میں 10دہشتگرد ہلاک، 5زخمی اور ایک سہولت کار کو گرفتار کرلیا۔
ہلاک دہشتگردوں میں انتہائی مطلوب کمانڈرز نیاز علی عرف اکاشا اور عبداللہ عرف شپونکوئی شامل ہیں، جن کا تعلق خطرناک خوارج گروہوں سے تھا۔ اسی طرح نصر خیل میں مشترکہ کارروائی کے دوران ایک اور مطلوب دہشتگرد مارا گیا، جبکہ اہل علاقہ نے دہشتگردوں کے خلاف کھڑے ہوکر امن کمیٹیوں کے ساتھ تعاون کا اظہار کیا۔
ہوید کے علاقے میں بھی پولیس اور امن کمیٹی کی جوابی کارروائی سے دہشتگرد پسپا ہوگئے۔ ڈومیل کے علاقے میں خوارج کی جانب سے پولیس اے پی سی پر فائرنگ کے بعد 8گھنٹے طویل بھرپور آپریشن کیا گیا جس میں بدنامِ زمانہ کمانڈر رسول عرف کمانڈر ’’اَریانہ‘‘ اپنے 6ساتھیوں سمیت ہلاک ہوا۔ حکام کے مطابق سی ٹی ڈی اور پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے مزاحمت کرنے والے 2شہری شہید ہوگئے۔ مزید برآں بنوں پولیس نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دہشتگردی کا سنگین منصوبہ ناکام بنا دیا۔
نواحی علاقے بسیہ خیل میں شرپسند عناصر نے عوام کے زیر استعمال ’’ دوا پل‘‘ کو دیسی ساختہ بارودی دھماکے (IED) سے اڑانے کی کوشش کی، تاہم پولیس کے بم ڈسپوزل سکواڈ کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی نے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا۔ دہشتگردوں نے 8سے 10کلو بارود سے بھری بالٹی کی شکل میں تیار کی گئی آئی ای ڈی پل کے مرکزی ستون سے منسلک کر رکھی تھی۔ بی ڈی سکواڈ نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بم کو ناکارہ بنا کر پل اور آس پاس کی آبادی کو ممکنہ تباہی سے بچا لیا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خلاف مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی کامیابی پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم منظم دہشتگردی کے نیٹ ورکس کا خاتمہ ریاست کی اولین ترجیح ہے، اور وطنِ عزیز کی بقا اس بات سے مشروط ہے کہ بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی کامیاب کارروائی پر فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن میں فتنتہ الخوارج کے دہشتگردوں کو ہلاک کرنا سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک دہشت گردی کے مکمل خاتمی کے لیے یکجا ہے۔



