سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کا انتقال،زرداری،شہبازکا اظہارافسوس
عمر 80 سال،کافی عرصہ سے بیمار تھیں ،خالدہ ضیاء پاکستان کی پُرعزم دوست تھیں: شہباز شریف،آصف زرداری کا بیان
ڈھاکہ :(ویب ڈیسک) بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خالدہ ضیا جگر کے عارضے سمیت کئی امراض میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے ہسپتال میں زیر علاج تھیں تاہم منگل کو وہ خالق حقیقی سے جا ملیں، ان کا انتقال دارالحکومت ڈھاکہ کے ہسپتال میں ہوا۔
خالدہ ضیا بنگلا دیش کی معروف سیاستدان تھیں جنہوں نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک ملک کی وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ خالدہ ضیا کے صاحبزادے طارق رحمان 17 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق آج بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ روانہ ہوں گے اور خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایکس پر ایک پیغام جاری کیا جس میں کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق آج بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کے جنازے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ صدرِ مملکت آصف زرداری نے خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ کے مطابق صدر نے بیگم خالدہ ضیاء کے اہلِ خانہ اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت کی اور اس غمگین موقع پر ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا بیگم خالدہ ضیاء کی سیاسی خدمات اور قیادت کو احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء پاکستان کی پُرعزم دوست تھیں۔
پاکستان کی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں بنگلادیش کے ساتھ ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بنگلہ دیش ایک مدبر، تجربہ کار اور مخلص سیاسی رہنما سے محروم ہو گیا۔



