شدید دھند:ٹریفک حادثات، ایک ہی خاندان کے 14افرادسمیت 24جاں بحق،45زخمی
سرگودھا میں ٹرک نہر میں گرنے سے 14،گوادر میں مسافربس کو حادثہ میں14جانیں ضائع،صدر، وزیراعظم کا گہرے دکھ کا اظہار
سرگودھا،اسلام آباد: (نمائندگان سی این این اردوڈاٹ کام)سرگودھا کے قریب شدید دھند کے باعث ٹرک نہر میں جا گرا، حادثے میں ایک ہی خاندان کے 14افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ گاؤں گھلاپور بنگلہ کے قریب پیش آیا جہاں شدید دھند کے باعث تیز رفتار مزدا ٹرک بے قابو ہو کر پل سے نیچے گھلاپور نہر میں جا گرا۔
ٹرک میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 23افراد سوار تھے جو فیصل آباد میں اپنے ایک رشتہ دار کی وفات پر جا رہے تھے۔حادثے کے نتیجے میں 50سالہ مصری خان، 65سالہ حلیمہ بی بی، 65سالہ یاسین، 35سالہ سونیا بی بی، 35سالہ پٹھانی بی بی، اڑھائی سالہ ہانیہ بی بی، 19سالہ امن فاطمہ، 35سالہ رانی بی بی، 2سالہ حارث، 30سالہ وسیم عباس، 2
سالہ اوزین فاطمہ، 2سالہ محمد ثقلین رضا، 6سالہ حور مظہر اور 16سالہ آمنہ ممتاز جاں بحق ہوئے۔ 32سالہ شمیم لیاقت، 26سالہ پروین وسیم عباس، 40سالہ نازیہ ظہیر عباس، 4سالہ حسنین عباس، 33سالہ ظہیر عباس، 40سالہ ممتاز، 32سالہ کاشف اور 22سالہ ندیم عباس شدید زخمی ہوئے جنہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
شدید زخمیوں کو بعد ازاں ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا ریفر کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق متوفین کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ حادثے کی تحقیقات جاری ہے۔
دوسری جانب گوادر کے قریب ہڈگوٹھ کے مقام پر مسافر بس تیزرفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی جس سے 10افراد جاں بحق اور 45زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پاک فوج کے دستے موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔فوجی جوانوں نے زخمیوں اور متوفین کی لاشوں کو پاک بحریہ اور ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کے ذریعے پی این ایس درمان جاہ اورماڑا منتقل کیا۔
پاک بحریہ کے ہسپتال پی این ایس درمان جاہ جناح نیول بیس اوماڑا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ شدید زخمیوں کو پاک بحریہ کے اے ٹی آر طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔فوجی دستوں نے امدادی کارروائیوں کے بعد سڑک کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے کھول دیا۔ حادثےکی تحقیقات جاری ہے تاکہ وجہ کا تعین کیا جا سکے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بدلتے موسمی حالات ایک حقیقت ہیں، سفر کے دوران احتیاط ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی جبکہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔



