ایمان مزاری ، ہادی علی چٹھہ جیل منتقل،اپوزیشن کی مذمت
ڈسٹرکٹ کورٹس جاتے اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی وین سے گرفتار کیاگیا،مجھ ،سیکرٹری پر تشدد کرکے گاڑی کے شیشے توڑ کردونوں کو گرفتار کیاگیا:صدر بار
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)انسدادِ دہشت گردی عدالت نے ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی کو لڑائی جھگڑا کرنے کے کیس میں چورہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمحمود اچکزئی سمیت دیگر نے ایمان اوران کے شوہرکی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔
اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ایمان مزاری اور ہادی علی کو جوڈیشل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ۔ایمان مزاری اور ہادی علی کی پیشی کے موقع پر عدالت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، وکلاء اور میڈیا کو عدالت میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔
اس سے قبل ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار سے ڈسٹرکٹ کورٹس جا رہے تھے کہ ایک ہوٹل کے باہر انڈر پاس سے دونوں کو گرفتار کر لیا گیا۔دونوں وکلاء اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی وین میں سوار تھے، اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر واجد گیلانی اور منظور ججہ بھی ان کے ہمراہ تھے، جبکہ پولیس سکواڈ بھی ہائی کورٹ بار کی وین کے پیچھے تھی۔
گرفتاری کے وقت پولیس نے کوریج کرنے والے صحافیوں سے موبائل چھین لیے۔صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار واجد علی گیلانی نے وکلاء کو ویڈیو پیغام میں ویمن پولیس سٹیشن پہنچنے کا کہا ،واجد علی گیلانی نے کہا کہ مجھ پر اور سیکرٹری بار پر تشدد کیا گیا، ہم پر تشدد کرکے گاڑی کے شیشے توڑ کر ایمان اور ہادی کو گرفتار کیا۔



