پاکستانتازہ ترین

حکومت عوام کو بیوقوف بنا رہی ہے، پٹرول لیوی فوری ختم کی جائے: حافظ نعیم الرحمان

لاہور/کراچی (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے پٹرول پر عائد لیوی فوری ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

کراچی میں ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں سے متعلق سمری مسترد کرنے کا اقدام دراصل قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش ہے، کیونکہ یہ سمری حکومت نے خود ہی تیار کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف کفایت شعاری کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری طرف حکومتی شخصیات کے پروٹوکول میں درجنوں گاڑیاں شامل ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری اور دیگر حکومتی شخصیات کے پروٹوکول عوام کے سامنے واضح مثال ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ 1300 سی سی سے زائد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے اور حکمران طبقہ اپنی عیاشیاں ختم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو فوری طور پر کھولا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے ایران کے ساتھ تجارت بحال کرنے اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر فوری کام شروع کرنے پر بھی زور دیا۔

عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور کچھ طاقتیں دنیا کو تیسری عالمی جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں۔

سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبے میں بدانتظامی کو فروغ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ریڈ لائن منصوبہ کرپشن کی نذر ہو چکا ہے اور اس کی لاگت میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس منصوبے کی تفصیلات قوم کے سامنے رکھیں۔ مزید کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ذریعے اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے جبکہ شہر کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں میگا سٹی گورنمنٹ کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں شہر کو منظم انداز میں نظر انداز کیا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button