چھتیں گرنے سےلاہورکے دوبھائیوں سمیت 5جاں بحق،مزید بارشوں کا الرٹ؟
بادامی باغ میں چھت گرنے سے ملبے تک دب کرقاسم ، ادریس چل بسے،ماں زخمی،بنوں میں 3بہن بھائی لقمہ اجل،بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان
لاہور، بنوں(بیوروچیف،نمائندگان) ملک بھرمیں بارشیں جبکہ پہاڑوں پر برفباری جاری ہے، چھتیں گرنے سے لاہورکے دوبھائیوں سمیت 5افراد جاں بحق،چار زخمی ہوگئے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی رات گئے شروع ہونے والی بارش اتوار کی صبح تک جاری رہی، صوبائی دارالحکومت لاہور میں چھ گھنٹے تک مسلسل بارش ریکارڈ کی گئی، اس دوران ظفر پارک سٹریٹ نمبر 11 سبزی منڈی بادامی باغ میں مکان کی چھت بارش و تیز ہوا کی وجہ سے اچانک گر گئی جس کے نتیجے میں 25 سالہ قاسم جاوید اور 18 سالہ اویس جاوید دم توڑ گئے جب کہ ماں اوربہن شدید زخمی ہوگئیں۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچتے ہوئے امدادی کاروائیاں کر کے ملبے تلے سے دو افراد کو زخمی حالت میں اور دو افراد کی لاشیں نکال لیں ۔ ریسکیو ٹیموں نےزخمی خواتین کو فوری طبی امدادکے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ۔
علاوہ ازیں 4ضلع بنوں کے علاقے وریشمی کلہ منڈان میں شدید بارش کے باعث شیرمحمدنامی شخص کے گھر کی چھت گرنے سے تین بچے جن میں دو بیٹیاں اورایک بیٹا شامل ہے، جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو زخمی بچوں کو زندہ نکال لیا جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انکا علاج جاری ہے۔
ادھرترجمان سینٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم-2 پر لاہور، کوٹ مومن، پنڈی بھٹیاں اور شیخوپورہ کے علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم-3 پر شرق پور، ننکانہ، سمندری اور رجانہ تک متعدد مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے ایم-11 (لاہور۔سیالکوٹ موٹروے) پر بھی بارش ہوئی ، جبکہ سینٹرل زون کی قومی شاہراہ پر لاہور، مانگا منڈی، پتوکی اور اوکاڑہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش رپورٹ ہوئی ہے۔
مزید برآں چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان اور بہاولپور میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ترجمان نے شہریوں اور ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران رفتار کم رکھیں، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور لائٹس آن رکھیں۔
۔ گزشتہ روز لودھراں،جھنگ ، موسیٰ خیل، پشاور، با جوڑ، ملاکنڈ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ اس کے علاوہ شمالی وزیرستان میں بھی مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، شدید بارش سے موسم سرد اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ بابو سر ٹاپ، نانگا پربت، بٹوگاہ ٹاپ پرگزشتہ رات سےبرف باری اور چلاس شہر اور گردونواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، جس کیلئے تمام صوبائی اور ضلعی ادارے الرٹ رہیں۔



