لاہور(زبیر اسلم خان)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو جماعت اسلامی ملک گیر احتجاجی تحریک چلائے گی، چاروں صوبوں میں وزرائے اعلیٰ ہائوسزکا گھیرائو کیا جائے گا اور پورے پاکستان میں ہڑتال کی جائے گی، عوام زبردست تحریک کی تیاری کر لیں۔
منصورہ میں وسطی پنجاب کے عوامی کمیٹیزکنونشن اور ملتان روڈ لاہور پر پٹرولیم مصنوعات کے خلاف بڑے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ حکومت عام آدمی سے فی لٹر پٹرول پر دو سو روپے سے زائد ٹیکس وصول کر رہی ہے، عوام کا خون نچوڑنے کا ظالمانہ اور وحشیانہ اقدام کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی جائے۔ کنونشن سے نائب امراء لیاقت بلوچ، ڈاکٹر اسامہ رضی اور امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری نے بھی خطاب کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان شکیل ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
. حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمران عالمی سطح پر جاری بحران کا بہانہ بنا کر عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا موجودہ حالات میں حکمرانوں کی عیاشیوں اور مراعات میں کوئی کمی آئی ہے؟ مریم نواز نے گیارہ ارب کا جہاز لے لیا، چیئرمین سینٹ کے لیے نو کروڑ کی گاڑی خرید لی گئی، پنجاب میں افسر شاہی کے لیے اربوں کی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ حکمران مفت پٹرول اور بجلی استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر دہائیوں سے مسلط طبقہ وسائل پر قابض ہے، اس نظام کو بدلنا پڑے گا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی میں نورا کشتی جاری ہے، اسٹیبلشمنٹ کی آشیر باد سے ایک پنجاب پر دوسری سندھ پر قابض ہے۔دوسری طرف پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے خلاف جے یو آئی لاہور نے دبئی چوک اقبال ٹائون میں احتجاجی دھرنا دیا ۔ دھرنے کی قیادت جنرل سیکرٹری جے یوآئی لاہور حافظ عبدالرحمان، مولانا یوسف حنفی، قاری معاویہ محمود مکی،مولانا عبدالشکور یوسف،محمد قاسم افضل نے کی، دھرنے کے شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ مقررین نے اپنے خطابات میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کی قوت خرید کو مکمل طور پر ختم کرنے کے مترادف ہے۔رہنمائوں نے اس اقدام کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے جا اور بہیمانہ اضافہ درحقیقت پاکستانی عوام پر خودکش حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے یہ فیصلہ واپس نہ لیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
مظاہرین نے حکومت سے فوری ریلیف فراہم کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنی کا مطالبہ کیا۔دوسری طرف جے یو آئی پنجاب کے ترجمان حافظ غضنفر عزیز نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی طرف سے پٹرول کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں سب سے مہنگا پٹرول پاکستان میں فروخت کرنا ظلم عظیم ہے۔ حکمران اپنی ہی عوام کے جان و مال کے دشمن بن چکے ہیں۔
نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافے کو عوام پر براہ راست معاشی حملہ قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پسے ہوئے عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرانا حکمرانوں کی سنگدلی، نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔



