پاکستانتازہ ترین

لاہور سمیت کئی شہروں میں آندھی ،بارش،بلوچستان میں سیلابی صورتحال:مزید 5افراد جاں بحق

ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ، الرٹ جاری

لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ ( ویب ڈیسک ) لاہور اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں تیز آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش، درخت اکھڑ گئے ۔ ادھر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث 24گھنٹے کے دوران مزید5اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
محکمہ پی ڈی ایم اے بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق لورالائی اور ژوب میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق انفراسٹرکچر اور نجی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں بارش متوقع ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جہاں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ سوات، دیر اور چترال میں دریائوں اور ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں بھی سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور سندھ میں بارشوں کے باعث کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ آسمانی بجلی اور تیز ہوائوں کے باعث کمزور ڈھانچوں اور بل بورڈز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ادھر کراچی میں اب تیز بارشوں کا کوئی امکان نہیں تاہم کہیں پھوار اور بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button