پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاسپورٹس

پتنگ بازی2027،کون سے نئے قواعد وضوابط جاری؟

لاہور:(سلمان حسین)حکومت پنجاب نے2027 پتنگ بازی کیلئے نئے قواعد و ضوابط کااعلان کر دیا، 30 دسمبر 2026 قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ضوابط جاری کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس حوالے سے کہا کہ پتنگ بازی صرف مضبوط اور محفوظ چھتوں پر کی جاسکے گی، ہر چھت کی چار دیواری کی اونچائی کم از کم ساڑھے تین فٹ ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ والدین اور سرپرستوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں اور بچوں کو بڑوں کی نگرانی کے بغیر چھت کے کناروں کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، چھتوں پر بھاگنے، کودنے، کناروں سے لٹکنے یا جارحانہ انداز میں پتنگ لوٹنے پر پابندی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چھتوں پر گنجائش سے زیادہ افراد جمع کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی، پتنگ بازی کے دوران اونچی آواز میں موسیقی، ڈی جے سسٹمز اور شور پیدا کرنے والے آلات کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ ہمسایوں کے لیے پریشانی کا باعث بننے والی ہر حرکت قانوناً جرم تصور ہوگی، تمام مقامات پر فرسٹ ایڈ کٹ کی موجودگی اور اس تک آسان رسائی لازمی قرار دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ حادثے یا قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں عمارت کے مالکان، ایونٹ کے منتظمین کو ذاتی اور مشترکہ طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، ضوابط کا مقصد پتنگ بازی کو محفوظ بنانا اور قیمتی جانوں کا ضیاع روکنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، پتنگ بازی کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو ضوابط پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلیٰ نے 2026 گزشتہ بسنت میں شہریوں کو قواعدو ضوابط کی پابندی پر شاباش دی اور کہا کہ لاہور کے شہریوں نے بسنت کے دوران قواعدو ضوابط پر مکمل عملدرآمد کیا۔

انھوں نے کہا یقین ہے 2027 کی بسنت کے پہلے مرحلے کے دوران بھی لاہور کے شہری قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، شہری بسنت کے دوران حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، حکومت محفوظ بسنت منانے میں آپ کے ساتھ ہے۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button