پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

محرم الحرام:مریم نواز کا3 درجاتی سکیورٹی پلان نافذ کرنے کا حکم

جلوس روٹس میں کھلے مین ہول، آوارہ کتےنظر نہ آئیں:وزیراعلیٰ،کمشنرز،آر پی اوز، ڈی سیز،ڈی پی اوزکو خودفیلڈ میں جانے کی ہدایت

لاہور:(سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں میں کمشنرز،آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز اور اسسٹنٹ کمشنرزسمیت تمام افسروں کو خودفیلڈ میں جانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام کے انتظامات کاجائزہ لیاگیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں بہترین انتظامات کا حکم دیااور عوام سے پنجاب میں امن وامان قائم کرنے کی اپیل کی اور انتظامیہ کوجلوس کے راستوں میں ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگانے کا حکم دیاہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام محکموں کو عیدالاضحی پر بہترین کام کرنے اور تمام ڈیپارٹمنٹس کے مثالی اشتراک کارپر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وزراء کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

محرم الحرام انتظامات پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کہا کہ توجہ ، لگن اور محنت سے کام کرنے والے تمام افسران اور اہلکار شاباشی کے مستحق ہیں۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ، انٹیلی جنس، پولیس ،سپیشل برانچ، سی سی ڈی اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے زبردست کام کیا۔تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اور آر پی اوز نے بہترین کام کیا ہے۔مجھے خوشی ہے کہ تمام ڈیپارٹمنٹ نے عمدہ کام کیا ہے۔

تمام محکمہ جات نے بہترین اور ہم آہنگی اور محنت سے کام کیا۔ پہلی بار قربانی پر پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات دیکھنے کو ملے۔ تمام ڈیپارٹمنٹ نے ہوائی باتوں کی بجائے حقیقی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عوام کے تحفظ اور خدمت کا نیا معیار قائم کیا گیا ہے۔ ہوم منسٹر اور ہوم سیکرٹری کو عمدہ کارکردگی پر شاباش دینا چاہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے پہلی بار صاف ستھرا پنجاب دیکھا ، کہیں گندگی کے ا نبارنظر نہیں آئے، منسٹر بلدیات اور پوری ٹیم کو شاباش دیتی ہوں۔پچھلی عید سے یہ عید بہتر تھی، پچھلے محرم سے یہ محرم سہولت، انتظامات اور ہر لحاظ سے بہتر نہیں بلکہ بہترین ہونا چاہیے۔ پچھلے سال کے انتظامات کو اس سال مزید بہتر اور شاندار ہونا چاہیے۔

عین سخت دوپہر کے وقت گرمی کے دوران جلوس کے روٹس پر چھڑکاؤ کے طریقہ کار کا جائزہ لیں گے۔حساس علاقوں میں خصوصی طور پر حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔پنجاب میں ہر ایک مجلس اور جلوس کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ علماء کرام رائے عامہ کے لیڈر ہیں، ان کے تعاون پر مشکور ہوں۔

ایران پر اسرائیلی حملوں کی وجہ سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ ایران میں ظلم کی وجہ سے تمام مسلمان تکلیف میں ہیں، اس موقع پر سخت روی اختیار کرنامناسب امر نہیں۔عام آدمی اور کریمنلز میں فرق کرنا بہت ضروری ہے،مجرموں سے رعایت نہیں کرنی چاہیے لیکن عام آدمی کے ساتھ اچھا سلوک ہماری ذمہ داری ہے۔

تمام مذاہب اور تمام مسالک کے لوگوں کوعزت و احترام دینا ہماری ذمہ داری ہے۔جلوس اور مجالس کے شرکا کے چھوٹے چھوٹے مسائل سننا اور حل کرنا ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ تین درجاتی سیکورٹی قائم کی گئی ہے،چیکنگ اور مانیٹرنگ ضروری ہے۔پچھلے سال ہونے والے اسلام آباد سانحہ کی وجہ سے مختلف درجات پر سیکورٹی ضروری ہے۔تمام ڈی پی اوز اور آر پی اوز فیلڈ فارمیشن پولیس کو خود کش حملہ آور کو گرم چادر اور دیگر علامات سے پہنچاننے کی تربیت دی جائے۔

فیلڈ فارمیشن کو ہر صورت الارمنگ اور ہائی الرٹ کی صورت میں تیاررکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ کیو آر کوڈ پینک بٹن لگانے پر سیف سٹی حکام کو شاباش دیتی ہوں۔مجالس اور جلوس کے شرکا کے لئے کیو آر کوڈ ڈاؤن لوڈ کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ ایمرجنسی کی صورت میں کیو آر کوڈ ، پینک بٹن دبانے سے ایمرجنسی سسٹم فعال ہوجائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام مسالک کی مساجد حکومت پنجاب کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ آئمہ کرام سے محرم الحرام امن و امان اور عقیدت و احترام سے منانے کی اپیل کرتی ہوں۔ مشکوک فرد یا حرکت کی صورت میں پولیس کو فوری طور پر اطلاع دی جائے۔سول ڈیفنس کو بھی فیلڈ فارمیشن شامل رکھا جائے۔ عاشورہ ایام میں سیکورٹی کیلئے فرضی مشقیں بھی کی جائیں گی۔ محرم الحرام میں سیکورٹی کے تمام ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے جائے۔

ہر ضلع میں کنٹرول روم قائم ہیں، کنٹرول روم میں ہر صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات موجود ہونے چاہئیں۔ڈرون اڑانے پر پابندی ہے تاہم پولیس اور انتظامیہ سیکورٹی کیلئے ڈرون استعمال کرنے کی مجاز ہے۔ سیکورٹی کیلئے ٹیکنالوجی کو پوری طرح استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہر میں سیف سٹی کی 80 90/ فیصد کوریج ہے،جہاں کوریج نہیں وہاں پرائیویٹ کیمروں کو سیف سٹی سے لنک کیا جائے۔ لاؤڈ سپیکر پر پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے، بعض مقامات پر اب بھی لاؤڈ سپیکر کا غیر قانونی استعمال کیا جارہا ہے۔

کومبنگ آپریشن جاری رہنے چاہئیں، جس سے انفارمیشن ملتی ہے، متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو اشتراک کار یقینی بنانا چاہیے۔ انٹیلی جنس شیئرنگ اور کوآرڈینیشن کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کے موسم میں لوگوں کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے، ریسکیو 1122 ، آگ بجھانے والے آلات سمیت ہر چیز لائن اپ ہونی چاہیے۔

محرم الحرام روٹس میں ہوٹل اور سرائے وغیرہ کی پوری مانیٹرنگ کی جانی چاہیے۔ محرم الحرام روٹس میں کھلے مین ہول، آوار کتے وغیرہ نظر نہ آئیں۔نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں پر کڑی نظررکھی جائے، اشتعال انگیز ی کرنے والوں کو روکنا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے حکم دیا کہ محرم الحرام کے دوران بہترین ٹریفک مینجمنٹ کی جائے تاکہ عوام کو دشواری کا سامنا نہ ہو۔ ستھرا پنجاب کی ٹیموں کو روٹس کی صفائی ، چھڑکاؤ اور خوشبو وغیرہ کا اہتمام کرنا چاہیے۔

عزا داروں اور مجالس کے شرکاکو احساس دلانا چاہیے کہ حکومت ان کے ساتھ ہے۔ پنجاب گرمی کی شدید لہر سے گزر رہا ہے، حکومت پنجاب کی طرف سے تمام روٹس پر ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی جائیں۔ پنجاب بھر میں ایک ہی طرز پر ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی جائیں۔محرم الحرام کے روٹس پر پانی کا چھڑکاؤ کرنا چاہیے، روٹس کی نشاندہی کیلئے سائن بورڈ بھی لگائے جائیں۔محرم الحرام کے روٹس کو تعمیراتی میٹریل سمیت دیگر رکاوٹوں سے پاک کرکے کلیئرکیا جائے۔

روٹس کے راستوں پر کھلے مین ہولز اور سیوریج وغیرہ کوآج ہی کور کیا جائے۔تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر حکام کو متنبہ کررہی ہوں ، کوئی کھلا مین ہول نظر نہ آئے۔ مین ہول کے اندر نیٹ لگانے کی ہدایت کی گئی تھی اس کی چیکنگ جلد کی جائے گی۔ روٹس پر اعزا داروں کیلئے ریسکیو 1122 ، کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال بھی موجود ہونے چاہئیں۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات،سکیورٹی اور دیگر امور پراجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایاگیاکہ پنجاب میں پہلی بار 4700 امام بارگاہوں پر کیو آر کوڈڈ پینک بٹن انسٹال کیے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپیل کی ہے کہ منتظمینِ مجالس فوری طور پر کیو آر کوڈ ڈاؤن لوڈ کریں۔ کیو آر کوڈ سکین کرتے ہی متعلقہ سکیورٹی اور انتظامی ادارے فوری حرکت میں آئیں گے۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں تھری ٹیئر (تین درجاتی) سکیورٹی پلان نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔محرم الحرام کے دوران ڈرونز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد، لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشنز اور رئیل ٹائم انٹیلیجنس شیئرنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔پنجاب حکومت ٹھنڈے اورمیٹھے پانی کی سبیلوں سے عزادارانِ حسینؑ کی خدمت کریں۔وزیرِ اعلیٰ مریم نوازشریف نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ مجالس اور جلوس کے راستوں پر خوشبو کے استعمال کویقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں بتایاگیا کہ صوبہ بھر میں محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر 47 ہزار 280 مجالس اور جلوسوں منعقد ہوں گے۔ پنجاب بھر میں 37 ہزار 868 مجالس اور 9 ہزار 412 جلوس برآمد ہوں گے۔ محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں 1 لاکھ 25 ہزار 641 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں طلب کر لی گئیں ہیں۔صوبے بھر کے امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے 30 ہزار 445 تربیت یافتہ رضاکار بھی معاونت کریں گے۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محرم الحرام کے جلوسوں کی لائیو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کرے گی۔سیکیورٹی مانیٹرنگ کے لیے صوبہ بھر میں 5 ہزار 623 سے زائد سی سی ٹی وی (CCTV) کیمرے فعال ہیں۔

میدانی حالات پر نظر رکھنے کے لیے 1040 باڈی کیمز اور جدید ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا۔ حساس ترین مقامات پر 1000 سے زائد جدید 4G ایونٹ کیمرے بھی نصب کر دئیے گئے۔ موبائل سروس معطلی کی صورت میں 11 اضلاع کے ہیڈ کوارٹرز میں LTE کوریج فراہم کی جائے گی۔سیف سٹیز کنٹرول رومز سے 1400 سے زائد افسران چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ پر مامور ہوں گے۔امن دشمن عناصر اور کالعدم تنظیموں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔

صوبے بھر میں اب تک 43 ٹارگٹڈ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کیے جا چکے ہیں۔محرم الحرام کے دوران مروجہ اور لائسنس یافتہ جلوسوں کے علاوہ کسی نئے جلوس یا روٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔ جلوسوں روٹس اور اوقات کار کی پابندی ہر صورت لازمی ہے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر زیرو ٹولرننس ہوگی۔ نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائدکردی گئی ہے۔ اشتعال انگیز گفتگو اور وال چاکنگ کے تدارک کے لیے 794 علما کی زبان بندی اور 1418 کے داخلے پر پابندی ہے۔

پنجاب بھر میں امن کمیٹیوں کے تحت نچلی سطح پر 1 ہزار 220 کوآرڈینیشن میٹنگز مکمل کرلی گئی ہیں۔ جلوس کے داخلی و خاجی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کیے جائیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محرم الحرام کے جلوسوں کی لائیو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کرے گی- حالات پر نظر رکھنے کے لیے 1040 باڈی کیمز اور جدید ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا- حساس ترین مقامات پر 1000 سے زائد جدید 4G ایونٹ کیمرے بھی نصب کر دئیے گئے ہیں ۔

سیف سٹیز کنٹرول رومز سے 1400 سے زائد افسران چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ پر مامور ہوں گے۔انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صوبے بھر میں اب تک 43 ٹارگٹڈ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کیے جا چکے ہیں – شرپسندی پھیلانے والے 359 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا سراغ لگا کر سائبر رسپانس ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں -محرم الحرام کے دوران مروجہ اور لائسنس یافتہ جلوسوں کے علاوہ کسی نئے جلوس یا روٹ کی اجازت نہیں ہوگی- نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائدہے۔

پنجاب بھر میں امن کمیٹیوں کے تحت نچلی سطح پر 1 ہزار 220 کوآرڈینیشن میٹنگز منعقد کی گئی ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی کاوشوں سے ہونے والے ایران۔امریکہ امن معاہدے کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی سیاسی،عسکری اور سفارتی قیادت کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ تاریخ گواہ رہے گی کہ پاکستان نے دنیا کو معاشی تباہی، خونریزی اور عالمی بحران سے بچایا ۔

پاکستان کی عالمی سفارت کاری نے دنیا میں امن کا نیا سورج طلوع کر دیا۔ پنجاب پورے پاکستان کے ساتھ مل کر وزیر اعظم شہباز شریف،فیلڈ مارشل عاصم منیر،اسحاق ڈار کو سلام کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اسحاق ڈار نے پاکستان کا سر دنیا بھر میں فخر سے بلند کر دیا ۔ تاریخ گواہ رہے گی کہ جب دنیا کو پاکستان کی ضرورت پڑی توپاکستان نے مایوس نہیں کیا۔ پاکستان کی سفارتی کامیابی پر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے جنگ کے شعلوں کو مذاکرات کی روشنی میں بدل دیا۔

پاکستان نے دنیا کو معاشی بحران سے بچا کر انسانیت کی عظیم خدمت انجام دی۔پاکستان آج پوری دنیا کے لیے امن، تدبر اور ذمہ دار قیادت کی مثال بن چکا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے ہواؤں کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہواؤں کے عالمی دن پر توانائی کے نئے غیرروایتی ذرائع دریافت کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔ ونڈ انرجی توانائی کے حصول کے لئے مستقل کا اثاثہ بن سکتی ہے۔ ہوا کی قابل تجدید قوت سے بجلی کی پیداوار کے امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتاہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں تھل کے علاقے میں ونڈ انرجی سے توانائی کے حصول کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔ ہواؤں کا عالمی دن توانائی کے حصول کے روایتی ذرائع سے ہٹ کر سوچنے کا موقع دیتاہے ۔

پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ونڈ انرجی کے حصول کیلئے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ نئی نسل کو صحت مند، پاکیزہ اور معطر ہوائیں دینا چاہتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہواؤں کا عالمی دن منانے کا مقصد ہوا کی لامحدود توانائی،استعمال اور قابلِ تجدید توانائی کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔ ہوا سے حاصل ہونیوالی بجلی ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر کاربن کا اخراج کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے مردان کے قریب پاک فضائیہ کے تربیتی طیارہ کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جام شہادت نوش کرنے والے دونوں پائلٹس کیپٹن قاسم اور کیپٹن طحہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید پائلٹس کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیااور حادثے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button