پاکستانتازہ ترین

بنوں خودکش حملہ: شہید اہلکاروں کی تعداد 15ہوگئی،3کو زندہ نکال لیا گیا

شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کے خلاف جنگ صر ف کے پی نہیں پورے ملک کی ہے، سہیل آفریدی

پشاور، اسلام آباد(ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے رات گئے پولیس چوکی فتح خیل پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں اب تک شہید اہلکاروں کی تعداد 15ہو گئی۔
پولیس کے مطابق تین اہلکاروں کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔ شہدا میں رحمت ایاز، ثنا اللہ، نیاز علی، صحیب، سعداللہ، کامران ولد محمود خان، نعمت اللہ، کامران، عابد جانی، عمران، نعیم اللہ، صدیق اللہ، میر عالم خان، راحت اللہ خان اور فاروق داد شامل ہیں۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے رات گئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی نے کہا کہ بنوں پولیس کے حوصلے بلند ہیں، دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ یہ دہشتگردوں کی آخری بزدلانہ کارروائی ثابت ہوگی، پولیس دہشتگردوں کو چن چن کر انجام تک پہنچائے گی اور علاقے سے ان کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف خیبرپختونخوا نہیں بلکہ پورے ملک کی جنگ ہے اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر سنجیدہ اور مثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں اور مسلط کردہ پالیسیوں نے ملک کو بدامنی کی دلدل میں دھکیلا تاہم موجودہ حکومت دہشتگردی سے متاثرہ ہر خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور بنوں میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم نے دہشتگردی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وزیر اعظم نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے وفاق کا صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف صوبائی حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے، ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے دہشتگردی کے خلاف نبردآزما پاک افواج، سکیورٹی فورسز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button