لاہور(بیورو چیف) ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ 10 مئی ’’معرکہ حق‘‘ پاکستان کی تاریخی فتح کا دن ہے، جس نے ثابت کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت نے پاکستان کی دفاعی قوت کو عالمی سطح پر تسلیم کرایا اور وہ نہ صرف ایک عظیم سپہ سالار بلکہ خطے میں امن کے موثر داعی کے طور پر ابھرے ہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی کامیاب سفارت کاری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے جرات مندانہ فیصلوں نے پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مزید مضبوط بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جبکہ ’’آپریشن غضب للحق‘‘ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔
ملک احمد خان کے مطابق پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں ذمہ دار اور مثبت کردار ادا کیا، جو عالمی امن کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اس حقیقت پر حیران ہے کہ پاکستان اپنی دفاعی ضروریات کا بڑا حصہ خود ملک میں تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دے چکا ہے، اس لیے امن کے قیام کیلئے پاکستان کی جدوجہد دنیا کیلئے مثال ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رہے گی۔ انہوں نے قوم کو فتح مبین کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی غیرت کے تحفظ کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 11 مئی کو پنجاب اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں ’’معرکہ حق‘‘ کے حوالے سے قرارداد منظور کی جائے گی اور افواجِ پاکستان کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
سیمینار میں حنا پرویز بٹ، پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے عہدیداران، سابق فوجی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔



