وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بنوں کا دورہ، شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے ملاقات

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بنوں کا دورہ کیا اور فتح خیل پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے میں شہید
ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
ترجمان وزیر اعلی ہائوس پشاور کے مطابق وزیر اعلیٰ نےلواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور شہدا کے درجاتِ کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلیٰ نے اسپتالوں میں زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی اور انہیں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشتگردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں، صوبائی حکومت اور پولیس مل کر دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، صوبے میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ عوام کو اپنے حقوق اور امن کیلئے کھڑا ہونا ہوگا، ورنہ مسلط شدہ حالات برقرار رہیں گے، ہم مسلسل کہتے رہے کہ دہشتگرد دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں لیکن 78 سال سے مسلسل بند کمروں کے فیصلے ہم پر مسلط کیے جا رہے ہیں، مسلط کردہ پالیسیوں نے صوبے کو بدامنی کی دلدل میں دھکیلا ہے۔



