
لاہور:(شہزاد فراموش) حلقہ ارباب ذوق،لاہور کا اجلاس پاک ٹی ہاؤس میں ہوا رواں سیشن کا چوتھا خصوصی اجلاس "پنجابی کہانیاں دی شام” غلام حسین ساجد کی صدارت میں ہوا۔ یہ اجلاس پنجابی کے نامور فکشن رائٹرز افضل احسن رندھاوا، منشاء یاد اور کرنل نادر علی کو سلیوٹ تھا۔

شہزاد اسلم نے کہانی "موت دا گیت” زبیر احمد نے "پرانی کیتی نویں کہانی” عائشہ اسلم نے "ادھا کھیس” اور نین سُکھ نے "جوگی،سپ،تراہ” پیش کی۔ کہانیوں پر شرکاء کی آراء کے بعد غلام حسین ساجد نے کہا کہ چاروں پنجابی زبان کے نامور کہانی کار ہیں اور کہانی مقابلوں میں بڑے ایوارڈز بھی جیت چکے ہیں۔انہوں پاکستان اکادمی ادبیات سے مطالبہ کیا کہ ادبی رسائل کی اشاعت کے علاوہ پنجابی زبان کی کتابوں کے بھی ترجمے دوسری زبانوں میں کئے جائیں۔

بعد ازاں مہمان شاعر سلمان صدیق نے نظمیں سنائیں اور اجلاس کےاختتام پرغلام حسین ساجد نے بھی پنجابی نظمیں سنا کر بھر پور داد سمیٹی۔ اجلاس میں ساٹھ سے زائد افراد شریک ہوئے۔



