لاہور ( سلمان حسین) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے کسان دوست ویژن کے تحت پنجاب میں پہلی مرتبہ کاشتکار کو تمام تر سہولتیں گائوں کے قریب ایک ہی چھت تلے میسر ہیں۔
پنجاب کاشتکار کے لئے ’’ ون سٹاپ ایگریکلچر ان پٹ مارکیٹ‘‘ کے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ پنجاب کے چار اضلاع میں ماڈل ایگریکلچر مال قائم ہو چکے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ نے مزید 10اضلاع میں ماڈل ایگریکلچر مال کیلئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔ ملتان، بہاولپور، ساہیوال اور سرگودھا میں ماڈل ایگریکلچر مال پوری طرح فنکشنل ہیں۔
ماڈل ایگریکلچر مال میں زرعی مداخل، زرعی ماہرین سے مشاورت، ماڈل مال اور دیگر سہولتیں میسر ہیں۔ کاشتکاروں کو ماڈل ایگریکلچر مال پر جدید ترین زرعی آلات رینٹ پر بھی مل سکیں گے۔ ایگریکلچر مال کا انتظام و انصرام جی سی سی آئی نجی شعبے کے اشتراک سے کر رہی ہے۔ فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ اور خانیوال میں بھی ماڈل ایگریکلچر مال بنیں گے۔
راجن پور، وہاڑی، رحیم یارخان، اٹک اور میانوالی میں بھی ماڈل ایگریکلچر مال بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے کاشتکار کی سہولت کیلئے ہر اقدام کریں گے ۔ پنجاب کے کاشتکار کی تقدیر بدل چکی ہے، اچھے دن آچکے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں مرحلہ وار ماڈل ایگریکلچر مال بنائیں گے۔ مزید برآں مریم نواز نے ملتان میں کرنٹ لگنے سے تین ورکرز کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز نے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔



