پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

غریبوں پر بوجھ ڈالا، امیروں کو ریلیف دیا گیا: پی ٹی آئی

(ن )لیگ کا بجٹ مسترد کرتے ہیں: شیخ وقاص اکرم،بجٹ لانگ ٹرم نہیں:علی ظفر، گورکھ دھندااور جھوٹ ،انکا وقت تھوڑا ہے:شہر یار آفریدی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی بجٹ کو مسترد کردیا۔مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے بجٹ کومسلم لیگ (ن )کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ غریب دشمن اور اشرافیہ نواز بجٹ ہے جس میں امیروں کو ریلیف جبکہ عام آدمی پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی نے پی ایم ایل این پر بجٹ 2026-2027 میں اعداد و شمار میں ہیرا پھیری کا الزام لگایا اورکہا بجٹ ایماندار ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے پر مبنی ہے نہ کہ حقیقی اصلاحات پر مبنی ہے۔انہوں نے فیس لیس آڈٹس کے ذریعے ایماندار کاروباریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا پی ایم ایل این کا بجٹ غریبوں کو صرف ٹکڑے دے رہا ہے جبکہ مراعات یافتہ طبقے کو فائدہ پہنچا رہاہے۔

گزشتہ تین سے چار بجٹ میں حکومت نے ہر ممکن ٹیکس عائد کر دیا،بجٹ ایمانداروں کو سزا دے رہا جبکہ بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کو نظر انداز کر رہا ہے، پی ایم ایل این کا بجٹ دھوکا دہی اور عوام دشمن ہے ، اسے مسترد کرتے ہیں۔ تحریک انصاف کے سینیٹرعلی ظفرنے کہاحکومت نے چوتھا بجٹ پیش کیا مگرمعیشت بدتر ہوتی جارہی ہے،بجٹ لانگ ٹرم نہیں، ہم غربت کی سطح سے نیچے چلے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما شہریارآفریدی نے کہا جو عوام کے مفادات بلڈوز کررہے ہیں انکے مفادات بلڈرز ہونے جارہے ہیں،دنیا میں بجٹ میں عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی ضروریات کو پورا کرنے پر توجہ دی جاتی ہے جبکہ پاکستان میں اپنی نااہلی کا سارا بوجھ عوام پر ڈالنا ہے،بجٹ گورکھ دھندااور جھوٹ ہے ۔

اب انکا وقت تھوڑا ہے،جتنے اعدادا و شمار یہ بتا رہے ہیں سب جھوٹ ہے،جھوٹوں پر اﷲ کی لعنت ہوتی ہے، انکو عام آدمی، کسان، مزدور کا کوئی خیال نہیں ،انکا خیال صرف اپنی ذات اور مفادات تک ہے،حکومت کا کام آئی ایم ایف کے ایجنڈے کی اندھی تقلید کرنا ہے۔ سندھ،کے پی کے،بلوچستان، پنجاب میں عام آدمی کے کیا حالات ہیں؟۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button