پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

گلگت بلتستان: پی پی پی، ن لیگ حکومت سازی کا فارمولہ طے،امجد حسین وزیر اعلیٰ نامزد

ہنزہ:(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے فارمولا طے پاگیا ہے، جس کے تحت پی پی پی حکومت بنائے گی اور مسلم لیگ (ن) تعاون کرے گی،پی پی کی جانب سے امجد حسین کو وزیراعلی ٰ نامزدکیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان میں پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت اورتنظیموں کے درمیان تفصیلی مشاورت، باہمی اعتماد اور اتفاق رائے کے بعد سیاسی اشتراک کے تحت حکومت کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے اور دونوں جماعتوں نے سیاسی استحکام، عوامی فلاح و بہبود اور جمہوری اقدار کے فروغ کو مقدم رکھتے ہوئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والے مجوزہ فارمولے کے تحت وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور اسپیکر پی پی پی سے ہوگا اور گورنر گلگت بلتستان کا عہدہ، اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ملے گا۔

پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والا پبلک مینڈیٹ فارمولا باہمی مشاورت، سیاسی ہم آہنگی کا مظہر ہے اور اس بات پر متفق ہیں کہ ملک اور بالخصوص گلگت بلتستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور جمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔

دونوں جماعتوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد، عوامی خدمت اور پاکستان کی مضبوطی و خوش حالی کے لیے مل کر کام کریں گی۔

گلگت بلتستان میں مشترکہ حکومت کا یہ فیصلہ سیاسی رواداری، قومی یک جہتی اور جمہوری تسلسل کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے گلگت بلتستان میں مؤثر، مستحکم اور عوام دوست حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمان نے قائد ایوان کے لیے پی پی پی کو ووٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اسپیکر کے لیے بھی پی پی پی کو ووٹ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر اور گورنر وفاقی فارمولے پر مسلم لیگ (ن) سے ہوگا اور گلگت بلتستان کے وسیع تر مفاد پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی ایوان میں ایک دوسرے کی حمایت کریں گی۔

پی پی پی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ قائد ایوان کے لیے ووٹ دینے اور سپورٹ کے اعلان پر مسلم لیگ (ن)کے قائدین کے مشکور ہیں
امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ اتحاد کے امور پر فیصلہ پارٹی چئیرمین بلاول کریں گے۔

گلگت میں پریس کانفرنس کے موقع پر پیپلزپارٹی کے مرکزی وصوبائی قائدین نیئر حسین بخاری، قمر زمان کائرہ اور امجد ایڈوکیٹ موجود تھے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیراعلیٰ حفیظ الرحمان اور پارٹی کے پارلیمانی ارکان موجود تھے۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button