
اسلام آباد:( ویب ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی مبینہ قیدِ تنہائی کیخلاف دائر درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے انہیں باقاعدہ نمبر لگانے کی ہدایت کر دی اور قراردیاکہ درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے کا فیصلہ جوڈیشل سائیڈ پر دیکھاجائیگاَ۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے علیمہ خانم اور مبشرہ خاور مانیکا کی درخواستوں پر سماعت کی۔جسٹس خادم حسین سومرو نے نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود کو روسٹرم پر طلب کیا، نیب پراسیکیوٹر نےکہا اپیلوں کی سماعت کے دوران قیدِ تنہائی سے متعلق متفرق درخواست پہلے ہی مسترد ہو چکی ہے، لہٰذا یہ معاملہ آئینی درخواست کے ذریعے نہیں اٹھایا جا سکتا بلکہ سپریم کورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ قیدِ تنہائی سے متعلق درخواست مسترد نہیں ہوئی اور اگر ایسا ہوا ہوگا تو وہ اس کی مصدقہ نقل عدالت میں پیش کر دیں گے، چیف جسٹس کے بینچ نے اس معاملے پر کوئی حکم جاری نہیں کیا تھا۔ بیرسٹر سلمان صفدر کی استدعا پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔



