انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

انڈونیشیا میں 7.7 شدت کا زلزلہ، 38 افراد جاں بحق، آفٹر شاکس جاری

جکارتہ، اسلام آباد (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں 7.7 شدت کے شدید زلزلے کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متاثرہ علاقوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام نے مزید جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشین حکام کا کہنا ہے کہ شدید زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر عمارتوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

حکام کے مطابق زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔

زلزلے کے تقریباً 3 گھنٹے بعد سونامی کی وارننگ واپس لے لی گئی، تاہم حکام کی جانب سے شہریوں کو صورتحال پر نظر رکھنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

پاکستان کا انڈونیشیا سے اظہارِ یکجہتی

دریں اثنا صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے انڈونیشیا میں شدید زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں صدرِ مملکت نے پاکستان کے عوام کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری نے مشکل کی اس گھڑی میں انڈونیشیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر ممکن امداد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

صدرِ مملکت نے زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا بھی اظہارِ افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی انڈونیشیا میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ انہیں انڈونیشیا میں ہونے والی تباہی پر دلی صدمہ پہنچا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے صدر پرابوو سوبیانتو، انڈونیشیا کے عوام اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں اس سانحے سے متاثرہ تمام افراد کے ساتھ ہیں اور ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک انڈونیشیا کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور اس مشکل گھڑی کا سامنا کرنے والے تمام افراد کیلئے پاکستان کی نیک خواہشات اور ہمدردیاں ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button