نوازالدین صدیقی کترینہ کے سامنے سیٹ پر کیوں گھبراگئے؟

نئی دہلی:(ویب ڈیسک)سینئر اداکار نوازالدین صدیقی نے انکشاف کیا کہ فلم ’نیو یارک‘ میں کترینہ کیف کے ساتھ ایک سین کی شوٹنگ کے دوران وہ اپنے ڈائیلاگ بولتے ہوئے مکمل طور پر لڑکھڑا گئے تھے۔ لیکن اس غیر متوقع غلطی نے ٹیک کو خراب کرنے کے بجائے اداکاری کو مزید حقیقی اور جاندار بنا دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک خصوصی گفتگو میں نوازالدین نے کبیر خان کی فلم ’نیو یارک‘ میں کترینہ کیف کے مدمقابل ایک انٹرویو سین کی شوٹنگ کو یاد کیا۔
نوازالدین صدیقی نے بتایا کہ کبیر خان کی فلم نیو یارک میں، مجھے ایک سین میں کترینہ کیف کے سامنے بیٹھنا تھا۔ وہ میرا انٹرویو لے رہی تھیں۔ میرے پاس 4 سے 5 صفحات کے ڈائیلاگز تھے۔ میں نے لائنیں رٹی نہیں تھیں بلکہ ان کا تصور کیا تھا۔ جب میں نے بولنا شروع کیا، تو میری زبان لڑکھڑانے لگی لیکن یہ اس کردار کا حصہ بن گئی اور اس چیز نے میرے کردار میں ایک نیاپن اور تازگی پیدا کر دی۔
بالی ووڈ اداکار کا کہنا ہے کہ اداکاری کے دوران قدرتی طور پر ابھرنے والی خامیاں اکثر کردار کو زیادہ حقیقی بنا دیتی ہیں۔
’نیو یارک‘ ایک ہندی کرائم ڈراما فلم ہے جس کی ہدایت کاری کبیر خان نے کی اور اسے یش راج فلمز کے بینر تلے آدتیہ چوپڑا نے پروڈیوس کیا۔ جان ابراہم، کترینہ کیف، نیل نتن مکیش اور عرفان خان کی اداکاری سے سجی یہ فلم نائن الیون کے بعد کے امریکا پر مبنی ہے۔
26 جون 2009 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی یہ فلم اُس سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلموں میں سے ایک فلم بن گئی تھی۔



